انڈر 19ورلڈ کپ میچ کے دوران متنازع رن آؤٹ ، عبدالقادر کی شدید تنقید

بدھ 3 فروری 2016 12:39

انڈر 19ورلڈ کپ میچ کے دوران متنازع رن آؤٹ ، عبدالقادر کی شدید تنقید

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 فروری۔2016ء) پاکستان کے سابق لیگ اسپنر عبدالقادر نے انڈر 19 ورلڈ کپ میں زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ کے متنازع انداز میں اختتام پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے منکڈ قانون میں تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔چٹاگانگ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں زمبابوے کو میچ میں فتح کیلئے چھ گیندوں پر تین رنز درکار تھے جبکہ صرف ایک وکٹ باقی تھی تاہم میچ کا آخری اوورز کرانے والے کیمو پال نے منکڈ رن آوٴٹ کر کے اپنی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے میں دو رنز سے فتح دلا دی۔

کرکٹ کی اصطلاح میں اگر کوئی کھلاڑی باوٴلنگ کیلئے دوڑتے ہوئے آئے اور نان اسٹرائیکر اینڈ پر بیلز ارا دے تو بلے باز کے کریز سے باہر ہونے کی صورت میں اسے رن آوٴٹ قرار دیا جائے گا اور اسے منکڈ رن آوٴٹ کہتے ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالقادر نے آئی سی سی سے منکڈ قانون میں ترمیم کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے معاملات میں پلیئرکو ایک وارننگ ضرور دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کھیل کی روح کو برقرار رکھنا کھلاڑیوں اولین ترجیح ہونی چاہیے اور لیکن جب تک یہ قانون تبدیل نہیں ہو گا، اس طرح کے واقعات ہوتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ انڈر19 کی سطح پر ٹیموں، کپتانوں اور امپائرز کو اس طرح بلے باز کو آوٴٹ قرار دینے سے پرہیز کرنا چاہیے اور آوٴٹ قرار دینے سے قبل اسے وارننگ جاری کی جانی چاہیے۔