پی آئی اے نجکاری:ملازمین کا احتجاج جاری،100 سے زائد پروازیں منسوخ،مسافر رل گئے

بدھ 3 فروری 2016 12:27

راولپنڈی، لاہور،کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 فروری۔2016ء) پی آئی اے نجکاری کیخلاف ملازمین کا احتجاج جاری ہے ،20 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 100 سے زائد پروازیں منسوخ ہو گئیں جبکہ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،نجی ائیر لائنز نے پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے منہ مانگے دام ٹکٹ فروخت کرنے لگے ،متبادل پروازوں کا بندوبست محض حکومتی اعلان ثابت ہوا،کراچی میں ملازمین کے احتجاج کے دوران فائرنگ کا نشانہ بننے والے 2 افراد کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی گئی ،تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف بدھ کے روز بھی احتجاج جاری ہے جس کے باعث آج بھی کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ بعض کا شیڈول متاثرہوا ہے جبکہ 20 گھنٹوں کے دوران 100 سے زائد پروازیں منسوخ ہو گئیں ہیں جس سے مسافروں کو شدیداذیت کا سامنا کرنا پڑا،راولپنڈی میں27 ،لاہور29 جبکہ کراچی میں 6 پروازیں منسوخ کی گئیں ہیں،اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نجی ایئرلائنز منہ مانگے دام ٹکٹ فروخت کررہے ہیں،فیصل آباد میں ملازمین نے نویں روز بھی کام بند کررکھا ہے،ملتان ایئر پورٹ سے پی آئی اے کی 10 پروازیں شیڈول میں تھیں تاہم ملازمین کی ہڑتال کے باعث تمام پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں،کراچی سے بہاولپور اور بہاول پور سے کراچی آنے اور جانے والی پروازیں شیڈول کے مطابق روانہ نہیں ہوسکی ہیں ،رحیم یار خان میں پی آئی اے کے آفس بند ہیں جس سے تمام فلائٹ کے شیڈول معطل ہوکر رہ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سکھرسے اسلام آباد جانے والی اور کراچی سے سکھر آنے والی پروازیں منسوخ ہیں۔جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،پی آئی اے کی سکردوسے اسلام آبادآنیوالی دو پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں۔گلگت سے اسلام آنے والی پرواز بھی منسوخ ہے۔ چترال سے اسلام آبادکی پرواز بھی اب منسوخ ہے جبکہ حکومت کی جانب سے اعلان کیاگیا تھا کہ بدھ کے روز پی آئی اے ملازمین نے احتجاج جاری رکھا تو متبادل پروازوں کا بندوبست کیا گیا تاہم محض اعلان ہی ثابت ہوا ،حکومت نے کوئی متبادل بندوبست نہیں کیا اور نہ ہی نجی ائیر لائنز کی جانب سے مہنگے داموں ٹکٹ فروخت کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ،دوسری جانب کراچی ائیرپورٹ کے احاطہ میں گزشتہ روز احتجاج کے دوران فائرنگ کا نشانہ بننے والے پی آئی اے کے 2 ملازمین کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی ،اس موقع پر پی آئی اے نجکاری نامنظور نامنظور اور حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :