چےئرمین پی آئی اے ناصر جعفر ملازمین کی ہلاکتوں کے واقعے کے بعد مستعفی ٰ ہوگئے،واقعے کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں،ملازمین کی ہلاکتوں کے بعد عہدے پر رہنے کیلئے ضمیر گوارہ نہیں کرتا، آج کا دن پی آئی اے کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ، ملازمین کی ہلاکت کے واقعہ پر شدید دکھ اور افسوس ہوا، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو کئی بارسمجھانے اور پارلیمنٹ کی یقین دہانی کروانے کی کوشش کی گئی مگر کسی نے نہ سنی ،حکومت اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی مل بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالے ،پی آئی اے ملازمین کی حمایت جاری رکھوں گا،چےئرمین پی آئی اے ناصر جعفر کی نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 2 فروری 2016 23:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 2فروری۔2016ء) قومی ایئر لائن (پی آئی اے ) کے چیئرمین ناصر جعفر نے کراچی میں پی آئی اے ملازمین پر فائرنگ اور تین افراد کی ہلاکتوں کا خود کو ذمہ دارٹھہراتے ہوئے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن پی آئی اے کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ، واقع پر شدید دکھ اور افسوس ہوا ہے ، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو کئی بارسمجھانے اور پارلیمنٹ کی یقین دہانی کروانے کی کوشش کی گئی مگر کسی نے نہ سنی ۔

وہ منگل کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے ۔ناصرجعفر نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے جوائنٹ ایکشن کمیٹی سمیت تمام یونینز کو سمجھانے کی کوشش کی گئی اور سہیل بلوچ کی وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات بھی کروائی۔ ملاقات کے دوران سہیل بلوچ سے پوچھا گیا کہ آپ کے کیا مطالبات ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا بھی کہا گیا تھا ۔

جبکہ سہیل بلوچ سے کہا گیا کہ پارلیمنٹ آپ کو یقین دہانی کروائے گی کہ پی آئی اے کے کسی ملازم کو نہیں نکالا جائے گا تا ہم ہماری کسی بات کو نہیں مانا گیا اور احتجاج کاسلسلہ شروع کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ سہیل بلوچ سے پوچھا جائے کہ انہوں نے ملازمین کو کیوں احتجاج پر اکسایا ۔ایک سوال کے جواب میں پی آئی اے کے چیئرمین ناصر جعفر نے کہا کہ آج کے واقعہ کے بعد میں میرا ضمیر نہیں چاہتا کہ میں اس عہدے پر فائز رہوں لہذا میں نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم نواز شریف کو بجھوا دیا ہے ۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے خود مظاہرین کو انکی ہر بات ماننے کا یقین دلایا تھا اور یہ بھی وعدہ کیا گیا تھا کہ کسی ملازم کو نہیں نکالا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نے پچھلے ماہ جنوری میں پی آئی اے کی کارکردگی تسلی بخش رہی اور اس ماہ کے دوران قومی ایئر لائن نے بہت اچھی کمائی کی ۔

متعلقہ عنوان :