عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں انتہائی کم سطح پر ہیں‘حکومت عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے ‘ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں صرف5روپے کمی کا اعلان عوام کے ساتھ مذاق ہے

ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو مسترد کر دیا

منگل 2 فروری 2016 22:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 فروری۔2016ء)جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے حکومتی اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کا لہو چوس رہی ہے دونوں ہاتھوں سے انہیں لوٹا جارہا ہے ،عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں انتہائی کم سطح پر آگئی ہیں دنیا بھر میں فی بیرل 23ڈالر تک پیٹرولیم مصنوعات فروخت ہورہی ہیں مگر افسوس پاکستان میں آج بھی پیٹرولیم مصنوعات پر تین گناہ زیادہ قیمتیں وصول کی جارہی ہیں جو عوام کے ساتھ کھلی ناانصافی و ظلم ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اوگرا کو مسترد کرتے ہوئے صرف5روپے فی لیٹر قیمت کم کی ہے اس لحاظ سے حکومت پیٹرول کی تین گنا قیمت وصول کررہی ہے یہ انتہائی ظلم و زیادتی ہے ،حقیقی اپوزیشن نہ ہونے کی وجہ سے حکومت من مانی پر آئی ہے انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں صرف5روپے کمی کا اعلان عوام کے ساتھ مذاق ہی نہیں بلکہ ظلم و زیادتی ہے پیٹرول قیمتوں میں نہ ہونے کے برابر کمی پر گہری تشویش کا اظہار اور حکومت کی عوام دشمنی پر مبنی پالیسی کی شدید مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ اوگرانے تقریبا11روپے قیمتوں میں کمی کی شفارش کی تھی اور یہ کمی بھی عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے تناسب سے بہت کم ہے ،کیونکہ تیل کی قیمت گزشتہ15سال کی کمترین سطح پر آچکی ہے لیکن وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے عوام دشمن وزیروں اور مشیروں کی شفاشات پر عمل کیا یہاں تک کہ اوگراکی سفارش کو بھی مسترد کر کے اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ حکمران طبقے کو عوام کی مشکلات و پریشانیوں اور مسائل سے کوئی سروکار نہیں،ان کا کام صرف عوام کا استحصال کرنا ہے، انہوں نے پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتوں کے نمائندوں سے کہا کہ اس کھلی ظلم اور زیادتی پر وہ خاموش تماشائی بنے کی بجائے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کیلئے کردار ادا کریں۔