سارا پنجاب کرپشن اور دہشت گردوں سے بھرا پڑا ہے ، وہاں بھی کارروائی ہونی چاہئے ، اپوزیشن کا کام حکومت کی غلط پالیسیوں پر تنقید کرنا ہے ، پی آئی اے ملازمین نے ادارے کی نجکاری کے خلا ف پر امن احتجاج کیا ، حکومت نے تشدد کر کے ثابت کر دیا کہ اپنے فیصلے زبردستی عوام پر تھونپ رہی ہے،پی آئی اے کے بعض افسران کی تنخواہ 25 لاکھ تک جبکہ ملازمین کی تنخواہیں بہت ہی کم ہیں،عزیر بلوچ کے جرائم میں ملوث ہونے کاپتہ چلا تو اس سے تعلق ختم کر کے لیاری گینگ وار کے خلاف آپریشن کردیا

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 2 فروری 2016 22:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 فروری۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سارا پنجاب کرپشن اور دہشت گردوں سے بھرا پڑا ہے ، وہاں بھی ایکشن لیا جانا چاہیے، اپوزیشن کا کام حکومت کی غلط پالیسیوں پر تنقید کرنا ہے ، عوام کی فلا ح کے منصوبوں پر کام کرواناہے اور یہی ہم کر رہے ہیں، پی آئی اے ملازمین نے ادارے کی نجکاری کے خلاف اور اپنے حق کیلئے پر امن احتجاج کیا لیکن حکومت نے تشدد کر کے ثابت کر دیا کہ اپنے فیصلے زبردستی عوام پر تھونپ رہی ہے، پی آئی اے کے بعض افسران کی تنخواہ 25 لاکھ تک جبکہ ملازمین کی تنخواہیں بہت ہی کم ہیں،پیپلز پارٹی نے پی آئی اے کی نجکاری کی کوشش نہیں کی،رانا تنویر سچا آدمی ہے جو بات کرتا ہے سال ڈیڑھ سال بعد پوری کر کے دیکھاتا ہے، اس نے کہا تھا کہ ہم ایسے لوگ ہیں جب ہم مضبوط ہو گئے تو تب ہم سب سے پہلے چھرا آپ کو ہی ماریں گے اور اب انہوں نے اپنی بات پوری کر دی،عزیر بلوچ بارے پتہ چلا کہ وہ ایک جرائم پیشہ شخص ہے تو اس سے تعلق ختم کر کے لیاری میں گینگ وار کے خلاف آپریشن کیا۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کر رہے تھے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ پی آئی اے کے بعض افسران کی تنخواہیں 25 لاکھ تک ہیں اور ملازمین کی تنخواہیں بہت کم ہیں، پیپلز پارٹی نے پی آئی اے کی نجکاری کی کوشش نہیں کی مگر پھر بھی پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق اور وزیرمملکت پانی و بجلی عابد شیر علی سمیت دیگر مسلم لیگ کے رہنماؤں نے ہمارے خلاف احتجاج کیا تھا ۔

سید خورشید شاہ نے کہا کہ پی آئی اے کے ملازمین نے اپنے حقوق کیلئے احتجاج کیا جو جمہوریت میں ہر کسی کا حق ہے لیکن موجودہ حکومت نے پر امن مظاہرین پر تشدد کر کے ثابت کر دیا کہ یہ اپنے فیصلے زبردستی عوام پر تھونپ رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سید خورشید شاہ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ رانا تنویر سچا آدمی ہے جو بات کرتا ہے سال ڈیڑھ سال بعد پوری کر کے دیکھاتا ہے، سال ڈیڑھ سال پہلے جب میں نے دھرنے کے خلاف حکومت کو مضبوط کیا تو اس وقت رانا تنویر نے کہا تھا کہ ہم ایسے لوگ ہیں جب ہم مضبوط ہو گئے تو تب ہم سب سے پہلے چھرا آپ کو ہی ماریں گے اور اب انہوں نے اپنی بات پوری کر دی ہے۔

عزیر بلوچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں میں ہر قسم کے لوگ ہوتے ہیں اور جب ہمیں پتا چلا کہ عزیر بلوچ ایک جرائم پیشہ شخص ہے تو ہم نے نہ صرف اس سے تعلق ختم کیا بلکہ لیاری میں گینگ وار کے خلاف آپریشن بھی کیا۔سید خورشید شاہ نے کہا کہ سارا پنجاب کرپشن اور دہشت گردوں سے بھرا پڑا ہے یہاں بھی ایکشن لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا کام حکومت کی غلط پالیسیوں پر تنقید کرنا ہے ، عوام کی فلا ح کے منصوبوں پر کام کرواناہے اور یہی ہم کر رہے ہیں