وائس آف پاکستان اسٹیل آفیسرز کی پی آئی اے ملازمین پرتشدد کی شدید مذمت

منگل 2 فروری 2016 22:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 فروری۔2016ء) وائس آف پاکستان اسٹیل آفیسرز کے صدر مرزا مقصود نے پی آئی اے کے نہتے،پُر امن مظاہرین پر بد ترین تشدد اور دو ملازمین کی فائرنگ سے ہلاکت کے واقعے و کئی ملازمین کو زخمی کرنے کے ذمہ داروں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی آف پی آئی اے ایمپلائز کی جانب سے احتجاج شروع کرنے سے پہلے مذاکرات کی پیش کش کی تھی جسے حکومت نے نظر انداز کرکے ملازمین کیلئے احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں چھوڑاتھا۔

حکومت نے لازمی سروسز ایکٹ کے نفاذ سے واضح کردیا تھا کہ وہ ہر قیمت پر پی آئی اے پر من مانی کرے گی ۔لازمی سروسز ایکٹ کا نٖفاذ محنت کشوں پرجبر مسلط کرنے کی پیش بندی تھی ۔جبکہ یہ ملازمین کا حق تھا کہ وہ اپنے ادارے کو بچانے کیلئے احتجاج کا راستہ اختیار کرتے اور ادارے کی نجکاری کے خلاف پُر امن جدوجہد کرتے۔

(جاری ہے)

وہ یہ حق قانون و اخلاق کے دائرے میں ادا کررہے تھے لیکن حکومت نے امن پسند ملازمین پر تشدد کرکے اور دو ملازمین کو شہید کرکے تشدد کو ہوا دینے کی کوشش کی ہے یہ جاری جمہوریت پر خود حکومت کی جانب سے حملہ ہے جس کی توقع ایک منتخب حکومت سے نہیں کی جاسکتی ۔

مرزا مقصود نے واضح کیا کہ پاکستان اسٹیل کے ملازمین اس مشکل گھڑی میں پی آئی اے کے ملازمین کے ساتھ ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ تشدد کرنے والوں کو فوری طور پر قانون کے شکنجہ میں لایا جائے اور لازمی سروسز ایکٹ کے نفاذ کے فیصلے کو واپس لیا جائے ۔ پی آئی اے کی نجکاری واپس لی جائے اور ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :