پی آئی اے ملازمین و میڈیا کے نمائندوں کو تشددکانشانہ بنانے کی سخت مذمت

پی آئی اے سمیت قومی اداروں کی نجکاری ملازمین کا معاشی قتل اورمعیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، محمد حسین محنتی

منگل 2 فروری 2016 22:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 فروری۔2016ء) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے اپنے مطالبات کے حق میں اورپی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف احتجاج کرنے والے ملازمین پر تشدد،فائرنگ اورکوریج کرنے والے میڈیا کے نمائندوں کو تشددکانشانہ بنانے اورگاڑیوں کے شیشیے توڑنے والے واقعات کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین ریاستی تشدد اورانسانی حقوق کی سخت خلاف ورزی قراردیا اور مطالبہ کیا کہ واقعہ کا نوٹس لیکر ملازمین وصحافیوں پر تشددکرنے والے ملزمان کو عدالتی کٹھرے میں لاکر سخت سزا دی جائے،منگل کو ایک بیان میں کہا کہ پی آئی اے سمیت قومی اداروں کی نجکاری ملازمین کا معاشی قتل اورمعیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

اپنے مطالبات کے حق میں پرامن احتجاج کرنے والوں پربدترین تشدد اورگولیاں چلاکرلوگوں کو شہید کرنے کی ملک کاکون ساقانون اجازت دیتا ہے؟ حکمران ملک میں ایک طرف جمہوریت کی دعویٰ کرتے نہیں تھکتے مگرتوانائی بحران،عوام پرمہنگائی کی بمباری ،قومی اداروں کی نجکاری اورپرامن احتجاج کرنے والے ملازمین پرتشدد جیسے اقدامات سے دور آمریت کو بھی شرما دیا ہے۔انہوں نے پی آئی اے ملازمین پر بھی زوردیا کہ وہ قومی مفاد کی خاطرپرتشددتحریک اورقانون کو ہاتھ میں لینے کی بجائے پرامن رہ کرحکمرانوں کے پی آئی اے کو نجکاری سے بچانے کی تحریک کو کامیاب بنائیں۔