انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی بھی کام نہیں اور پنجاب سکاؤٹس ایسوسی ایشن اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے‘رفیق رجوانہ

کوئی بھی قدرتی آفت ہو یا ہنگامی صورتحال سکاؤٹس کا کردار نہ صرف قابل تعریف رہا ہے قابل تقلید بھی ہے‘گورنر پنجاب کا تقریب سے خطاب

منگل 2 فروری 2016 22:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 فروری۔2016ء ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی بھی کام نہیں اور پنجاب سکاؤٹس ایسوسی ایشن اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، قائد اعظم ؒ نے پاکستان کے چیف سکائٹس تھے جنہوں نے ہمیشہ نوجوانوں کے حوصلوں اور ان کی صلاحیتوں کے اضافے پر زور دیا ، ہمارے سکاؤٹس آج بھی تاریخی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے نوجوانوں کی رہنمائی اور معاشرے کی خدمت پر مامور ہیں، کوئی بھی قدرتی آفت ہو یا ہنگامی صورتحال سکاؤٹس کا کردار نہ صرف قابل تعریف رہا ہے بلکہ قابل تقلید بھی ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات میں نوجوانوں کا کردار اور بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے اور انہیں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے پہلے سے زیادہ بڑے عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن نوجوانوں میں نہ صرف آگے بڑھنے کی تحریک پیدا کرتی ہے بلکہ اُنہیں ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط بھی کرتی ہے تا کہ وہ قومی ترقی کے عمل میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت انسانی وسائل کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔گورنر نے یقین دلایا کہ بطور صوبائی کمشنر پنجاب بوائز سکائٹس حلف اٹھانے کے بعدپنجاب بوائز سکائٹس ایسوسی ایشن کی ترقی کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے صوبائی کمشنر پنجاب بوائز سکاؤٹس کا حلف بھی اٹھایا۔

چیف کمشنر پاکستان بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن محترمہ راحیلہ حمید خاں درانی نے گورنر پنجاب سے صوبائی کمشنر پنجاب بوائز سکائٹس کا حلف لیا۔قبل ازیں، تقریب سے چیف کمشنر پاکستان بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن محترمہ راحیلہ حمید خاں درانی نے خطاب کرتے ہوئے سکاؤٹس کی تربیت اور صلاحیتوں میں اضافے کے لئے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں بتایا۔

دریں اثنا،ء گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے معروف ادیب،ناولسٹ،صحافی، مصنف اور افسانہ نگار انتظار حسین کی وفات پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ مرحوم اُردو ادب کے میدان میں منفرد مقام رکھتے تھے بالخصوص افسانہ نگاری اور کالم نگاری میں اُن کا نام مدتوں کارئین کو یاد رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی وفات سے اُردو ادب میں جو خلا پیدا ہوا ہے اس کا پُر ہونا ناممکن ہے۔ گورنر پنجاب نے مرحوم کے بلند درجات کے لئے بھی دُعا کی ہے۔

متعلقہ عنوان :