پی آئی اے ملازمین کے حقوق کی جنگ میں ساتھ ہیں‘ پیر اعجاز ہاشمی

منافع بخش قومی اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے،مزدورں کی شہادت حکمرانوں کو لے ڈوبے گی‘سربراہ جمعیت علما پاکستان

منگل 2 فروری 2016 22:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 فروری۔2016ء ) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ پی آئی اے ملازمین کے حقوق کی جنگ میں جے یو پی ان کے ساتھ ہے، منافع بخش قومی اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے، کراچی اور لاہور سمیت دیگر شہروں میں ملازمین پر پولیس تشدد اور اپنے حقوق کے لئے جنگ کرنے والے مزدورں کی شہادت حکمرانوں کو لے ڈوبے گی۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے پی آئی اے ملازمین کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے کہاہے کہ ہڑتال کو ہینڈل کرنے والے حکمران اور افسران نااہل ہیں، جنہیں معلوم ہی نہیں کہ ملازمین کے ساتھ کس طرح سے پیش آنا ہے۔ طاقت کبھی بھی مسئلے کا حل نہیں رہی۔ مذاکرات کے ذریعے ہی مشکلات کا حل نکالا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو ضروری سروس میں شامل کرنے والے اس کا رد عمل بھول گئے کیونکہ ملازمین تو پہلے ہی سڑکوں پر تھے ۔

کراچی میں ملازمین کی شہادت سے حقوق کی جنگ میں خون بھی شامل ہوچکا ہے۔ حکمرانوں کو سوچنے اور غور کرنے کی ضرورت ہے کہ انہیں کیا حاصل ہوا۔ ان کا کہنا تھاکہ پی آئی اے کی نجکاری کی اجازت دی گئی، توحالات مزیدخراب ہوں گے۔کل سوئی گیس اور بجلی کو بھی من پسند افراد میں فروخت کردیا جائے گا۔