صوبہ بھر میں پی ڈی ایم اے نے وئیر ہاؤسز کا جال بچھا دیا ہے‘ڈی جی پی ڈی ایم اے

لاہور اور مظفر گڑھ کے 7 ایکڑ پر پھیلے وئیر ہاؤسز میں5700 ٹن وزنی سامان رکھنے کی گنجائش ہے‘ جواد اکرم

منگل 2 فروری 2016 22:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 فروری۔2016ء )صوبہ بھر میں پی ڈی ایم اے کے وئیر ہاؤسز کا جال بچھا دیا گیا ہے جہاں پر تمام قسم کی اشیاء ضروریہ وخوراک کا ذخیرہ وافر مقدار میں اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔ صوبہ بھر میں 12 وئیر ہاؤسز کے ذریعے کسی بھی قسم کی قدرتی آفات کی صورت میں متاثرین کو فوری ریلیف مہیا کیا جا سکے گا۔ لاہور اور مظفر گڑھ کے وئیر ہاؤسز-7 ایکڑ رقبہ پر پھیلے ہوئے ہیں جہاں 7500 ٹن وزنی اشیاء رکھنے کی گنجائش ہے۔

اس امر کا اظہار پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل جواد اکرم نے ورلڈ فوڈ پروگرام کے وفد سے ملاقات میں کہی ۔اس موقع پر ڈائریکٹرز پی ڈی ایم اے عمار خان اور نثار احمد تانی بھی موجود تھے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے جواد اکرم نے وفد کو بتایا کہ پی ڈی ایم کی کیپسٹی بلڈنگ بارے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں طریقہ کار اور دیگر معاملات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں یونیسف تعاون کے سکول سیفٹی سسٹم پر سیر حاصل ورکشاپ کا انعقاد ہوا جس میں تمام سرکاری وغیر سرکاری نمائندگان نے اس سلسلے میں حفاظتی اقدامات بارے تجاویز پیش کیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے کسان پیکج کے تحت کسانوں کو اربوں روپے کا پیکج دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مون سون موسم شروع ہونے سے قبل تمام اضلاع کے ڈی سی اوز کو فلڈ پلان کی تیاری کے احکامات دے دئیے گئے ہیں۔انہوں نے وفد کو بتایا کہ تمام افسران واہلکاران کی ترقی کا عمل ان کی کارکردگی سے مشروط کر دیا گیا ہے۔