وفاقی وزیرداخلہ نے کراچی میں رینجرز کے غیر مشروط خصوصی اختیارات میں مزید 3 ماہ کی توسیع سے متعلق سندھ حکومت کی سمری کی منظوری دیدی

رینجرز کو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افرادکے خلاف کارروائی سمیت سیاسی رہنماوں کی گرفتاریوں اور مشتبہ افراد کو 90روز تک حراست میں رکھنے کا اختیار حاصل ہو گا،رینجرز اختیارات میں توسیع کا نوٹیفکیشن کسی بھی وقت جاری کر دیا جائیگا، ذرائع

منگل 2 فروری 2016 21:26

وفاقی وزیرداخلہ نے کراچی میں رینجرز کے غیر مشروط خصوصی اختیارات میں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 فروری۔2016ء ) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کراچی میں رینجرز کے غیر مشروط خصوصی اختیارات میں 4 فروری سے مزید تین ماہ کی توسیع سے متعلق سندھ حکومت کی سمری کی منظوری دے دی ، رینجرز کو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افرادکے خلاف کارروائی سمیت سیاسی رہنماوں کی گرفتاریوں اور مشتبہ افراد کو 90روز تک حراست میں رکھنے کا اختیار حاصل ہو گا،رینجرز اختیارات میں توسیع کا نوٹیفکیشن کسی بھی وقت جاری کر دیا جائے گا .

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی طرف سے رینجرز اختیارات میں تین ماہ کی توسیع کی سمری ارسال کی تھی جس میں رینجرز کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت حاصل خصوصی اختیارات میں غیر مشروط طور پر توسیع کی سفارش کی کی گئی تھی ، وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کی سمری کی روشنی میں رینجرز کو کراچی میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ4 کی ذیلی دفعہ3کے تحت مزید تین ماہ کے لئے اختیارات دینے کی سمری تیار کی اور وزیرداخلہ چوہدری نثار کو منظوری کے لئے ارسال کی،ذرائع کے مطابق چوہدری نثار نے رینجرز اختیارات میں مزیدتین ماہ کی توسیع کی سمری کی منظوری دے دی اور اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن کسی بھی وقت جاری کر دیا جائے کیونکہ رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات کی مدت آج 3فروری(بدھ کی)رات بارہ بجے ختم ہو جائے گی،واضح رہے کہ رینجرز اب کراچی میں دہشت گردوں ،جرائم پیشہ افراد سمیت سیاستدانوں کے خلاف بھی کارروائی کر سکے گی اور کسی بھی جگہ پر چھاپہ مار سکے گی جبکہ مشتبہ افراد کو 90روز تک حراست میں بھی رکھا جا سکے گا،اس سے پہلے رینجرز کے اختیارات میں 6دسمبر2015 سے دو ماہ کی توسیع کی گئی تھی۔