کفرٹوٹا خدا خداکرکے:پنجاب کی اپوزیشن جماعتیں آخرکارسٹرکوں پر نکل آئیں

اورنج ٹرین منصوبے کو موجودہ شکل میں قبول کرنے سے انکار

Zeeshan Haider ذیشان حیدر منگل 2 فروری 2016 21:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 فروری۔2016ء ) پنجاب حکومت کے خلاف پہلی بار تمام اپوزیشن جماعتیں ملکر سڑکوں پرنکل آئیں، اورنج ٹرین منصوبے کو موجودہ شکل میں قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے5 مطالبات پیش کیئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ قائد اعظم، جماعت اسلامی، عوامی تحریک اور مجلس وحدت المسلمین نے اورنج ٹرین منصوبے کے خلاف جی پی او چوک سے پنجاب اسمبلی تک احتجاجی مارچ کیا۔

پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے تمام اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں نے اورنج ٹرین منصوبے کے خلا ف نعرے بازی کی۔پنجاب حکومت کے خلاف پہلی بار کئے جانے والے مشترکہ احتجاجی مارچ میں شامل اپوزیشن جماعتوں کا کہنا تھا کہ اورنج ٹرین منصوبہ شہر لاہور، اسکے حسن اور اسکے قدیمی ورثے کو تباہ کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

منصوبے کے باعث دس لاکھ افراد متاثر ہو رہے ہیں۔

متحدہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ بتایا جائے کہ اورنج لائن منصوبے کے لئے کن شرائط پر قرض لیا گیا ہے اور اسکی ادائیگی کب اور کیسے ہو گی۔ متحدہ اپوزیشن کا مزید کہنا تھا کہ تعلیم، صحت اور صاف پانی کے منصوبوں کے فنڈز اورنج ٹرین پر خرچ نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی جائے۔متاثرین کو انکی جائیداد کی قیمت مارکیٹ ریٹ سے پچیس فیصد زائد ادا کی جائے۔

ٹنل ٹیکنالوجی کے ذریعے منصوبے کو مکمل کیا جائے۔ اگلے مرحلے پر جمعرات کو اپوزیشن کے تمام ارکان اسمبلی نے مال روڑ پر مارچ کا اعلان کیا ہے جبکہ اس کے بعد مرکزی قیادت کو اورنج ٹرین مظاہروں میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ متحدہ اپوزیشن نے اعلان کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو عدالتوں سے رجوع کرنے سمیت تحریک میں شدت لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :