اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا پیکیج دیا گیا ہے:شہبازشریف

میٹرو بس اور دیگر منصوبوں کی طرح اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ بھی شفافیت اورمعیار کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہوگا،وزیراعلیٰ کا اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب

منگل 2 فروری 2016 21:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 فروری۔2016ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے تعمیراتی کاموں پر پیش رفت اور متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہوراورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا پیکیج دیا گیا ہے اور ہر متاثرہ شخص کوپورا معاوضہ دیا جائے گااور معاوضیکی ادائیگی میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔

کسی کی حق تلفی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ وزیراعلیٰ نے اگلے چند روز کے اندر معاوضے کی سو فیصد ادائیگی مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ میں ذاتی طورپر ادائیگی کے تمام عمل کی نگرانی کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ٹرانسپورٹ سیکٹر کے سب سے بڑے منصوبے پر تنقید کرنے والے دراصل عام آدمی اور پاکستان کی ترقی کے مخالف ہیں۔میٹرو بس منصوبے پر تنقید کرنے والے آج بھی منہ چھپاتے پھرتے ہیں۔

میٹرو ریل پنجاب ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کا منصوبہ ہے اور منصوبہ مکمل ہونے سے لاکھوں افراد روزانہ جدیدترین سفری سہولتوں سے مستفید ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ میٹرو بس اور دیگر منصوبوں کی طرح لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ بھی شفافیت اورمعیار کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہوگا۔ اورنج لائن ٹرین کے انقلابی منصوبے کی تکمیل سے عوام کو جدید ترین سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔

وزیراعلیٰ نے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کیلئے خواتین اور مردوں کے الگ الگ کیمپس فوری قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کیمپوں میں معاوضہ لینے والوں کی سہولت کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں اور متاثرین کو کیمپوں میں لانے لے جانے کیلئے ٹرانسپورٹ کا انتظام بھی کیا جائے اور ادائیگی کا عمل دن رات جاری رکھا جائے۔ کیمپوں میں شکایات کے ازالے کیلئے خصوصی کمیٹیاں قائم کی جائیں اور صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور متعلقہ حکام کیمپس میں موجود رہیں۔

کمشنر لاہور ڈویژن اور سی سی پی او روزانہ کیمپوں کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیں۔ سٹیرنگ کمیٹی کے سربراہ خواجہ احمدحسان اور ڈی جی ایل ڈی اے نے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ، مجتبیٰ شجاع الرحمن، بلال یاسین، مشیر خواجہ سلمان رفیق، ایم این ایز پرویز ملک، مہر اشتیاق احمد، افضل کھوکھر، ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری، خواجہ احمد حسان، اراکین صوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری، ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔