مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی فیصلہ کن مرحلہ میں داخل ہو چکی ہے ،ضلعی امیر جماعت اسلامی غزن اقبال

منگل 2 فروری 2016 17:52

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 فروری۔2016ء) جماعت اسلامی ضلع ہری پور کے امیر غزن اقبال خان ترین نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں تحریک آزادی ایک فیصلہ کن مرحلہ میں داخل ہو چکی ہے اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی سیاسی و دینی جماعتوں نے سید علی گیلانی کو تاحیات حریت کانفرنس کا سربراہ مقرر کر دیا ہے ۔ہفتہ یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ آزادی کے اس مرحلہ میں کشمیری مسلمانوں کی نگائیں پاکستان کی طرف اٹھتی ہیں اور دل پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

اب ضرورت اس بات کی ہے کہ 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور انداز سے منا کر ان کشمیری مسلمانوں کے حوصلہ کو جلا بخشی جائے جو تحریک تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

آل پارٹی کانفرنس سے جمعیت علماء اسلام کے امیر حافظ محمد ایوب ، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے جنرل سیکرٹری و جمعیت علما ء اسلام (س) کے سیکرٹری اطلاعات مولانا ہارون الرشید شامی ، مسلم لیگ (ن) کے ضلعی راہنما و ممبر تحصیل کونسل سجاد خان بگڑہ ، پاکستان عوامی تحریک کے راہنما ڈاکٹر جہانگیر عباسی ، آل ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر راجہ حفیظ انور ، جماعت الدعوۃ کے ابوعبداﷲ ، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئر صوبائی صدر سید حامد علی شاہ ، اہلحدیث جماعت کے ملک ارشد ، مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ کے ضلعی صدر دانش اقبال ، نیشنل یوتھ اسمبلی کے ممبر عثمان وحید ، جماعت اسلامی کے ضلعی جنرل سیکرٹری کرنل (ر)قاضی طارق محمود نے بھی خطاب کیا۔

جبکہ ملک عبدالجلیل ایڈووکیٹ ، سابق سٹی ناظم محمد اقبال چوہان ،جماعت اسلامی کے ضلعی سیکرٹری انفارمیشن عبدالصبور یوسفی ، کے پی کے کے امیر طاہر صدیقی ، ریاض مسلم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جماعت اسلامی ضلعی ہری پورکے قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کو مہمیز دینے کیلئے آل پارٹی کانفرنس کا انعقاد کیا ۔

مقررین نے کہا پاکستان کی تمام دینی جماعتیں یوم یکجہتی ِ کشمیر کی ریلی کے موقع پر بھرپور شرکت کریں گی۔اور پوری دنیا کو یہ بتائیں گی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ ہے اور پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کی پشت پر کھڑی ہے۔ اور مسئلہ کشمیر کے حل کی خاطر پوری قوم ایک پیج پر ہے۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ سابق حکومتوں کی ناقص پالیسی کی وجہ سے گذشتہ کئی سالوں سے کشمیری عوام کے ساتھ سرد مہری کا رویہ ہے اور حکومتی سطح پر کشمیر کاز کیلئے کوئی ٹھوس اقدام نہیں کیا گیا۔

جس کی وجہ سے مسئلہ کشمیر سرد خانے میں ڈال دیا گیا جس کی یہ آل پارٹیز کانفرنس بھرپور مذمت کرتی ہے۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کی قربانیوں کو رائیگاں جانے نہیں دیا جائے گا۔ اور جب تک مسئلہ کشمیر کے حل میں کشمیرکو فریق اول نہیں تسلیم کیا جاتا اس وقت تک انڈیا پاکستان کے مذاکرات ایک ڈھونگ کے سوا کچھ نہیں۔