مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ کسان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کئے ہیں‘ عرفان دولتانہ

منگل 2 فروری 2016 17:49

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 فروری۔2016ء) مسلم لیگ (ن)کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ ماضی میں کسی حکومت نے زراعت پر توجہ نہیں دی ، مسلم لیگ (ن)نے ہمیشہ کسان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کئے ہیں، زرعی اجناس کی قیمت میں کمی آنے سے کسان کی آمدنی میں کمی ہو رہی ہے جبکہ بیج، کھاد اور زرعی ادویات وغیرہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس سے پیداواری لاگت بڑھ گئی ہے اور منافع کم ہو گیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس توازن کو درست کرنے کے لیے ضروری ہے کہ پیداواری لاگت کو کم کیا جائے تا کہ کسان خوش حال ہوں۔ صارفین کو زرعی اجناس مناسب نرخوں پر مل سکیں اور ہماری زرعی پیداوار عالمی منڈی میں مقابلہ کر سکے۔اس لیے کسانوں کی بنیادی ضرورت کھاد کی قیمتیں کم کرنے کے لیے حکومت بیس ارب روپے کا ایک فنڈ قائم کر رہی ہے جس میں صوبائی اور وفاقی حکومتیں برابر کی حصے دار ہوں گی، پوٹاشیم اور فاسفیٹ کھاد زمین کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے میں اہمیت رکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اِن دونوں کھادوں کی قیمتوں میں فی بوری کم از کم پانچ سو روپے کمی واقع ہو جائے گی۔ اِس کے علاوہ یوریا کھاد کی قیمتیں مستحکم رکھنے کے لیے حکومت ہر سال سرکاری خرچ پر یوریا درآمد کرتی ہے جو کسانوں کو سستے داموں فراہم کی جاتی ہے۔ اس سال اس کے لیے 25 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔