Live Updates

حکومت ملکی ادارے اپنے من پسند تاجروں کو بیچنا چاہتی ہے ،حلیم عادل شیخ

پی ٹی آئی حکومت کواس ملک کی عزت اور خود مختاری کو گروی نہیں رکھنے دے گی،رہنما پاکستان تحریک انصاف

منگل 2 فروری 2016 17:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 فروری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ حکومت کے پی آئی اے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ ہی دو ملازمین کی ہلاکت کا سبب بناہے، حکومت کی بات نہ ماننے والوں پر گولیاں برسائی گئی جو مان گیااس کو مراعات ملیں گی،پاکستان کی قومی ائیر لائن کی نجکاری ہو یااسٹیل مل حکومت اس ملک کو بیچ کر فرار ہونا چاہتی ہے ،پی آئی اے کی نجکاری کی ہڑتال پر نکلے ملازمین اور اس کی کوریج کرتے ہوئے صحافیوں پر بہیمانہ تشدد کی پرزور مذمت کرتے ہیں ۔

حکمرانوں نے اس ملک کی عزت اور خود مختاری کو گروی رکھ دیاہے ۔پاکستان تحریک انصاف محمدعلی سوسائٹی پر قائم آفس سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے پی آئی اے پر لازمی سروس ایکٹ سنہ 1952نافذ کیا ہوا ہے ،جس کے تحت پی آئی اے ملازمین اپنے حق کے لیے آواز بھی نہیں اٹھاسکتے ،جس کی پاداش میں دو ملازمین کو فائرنگ کرکے قتل بھی کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت سے یہ ملک چلنا محال ہورہاہے جس کہ وجہ سے انہوں نے اس ملک کو بھی ٹھیکے پر دینے کا فیصلہ کررکھا ہے،اپنی ضرورریات کو پوراکرنے کے لیے اس ملک کی ہر شے کو بیچنے کی کوشش کی جارہی ہے ،یہ لوگ اس ملک کے تمام اداروں کو اپنے دولت مند دوستوں کے ہاتھوں بیچنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔حکومت اپنے خسارے اور شاہی نظام کے اخراجات گزشتہ ڈھائی سالوں سے عوام کا خون نچوڑ کر حاصل کررہی ہے ،وزیر اعظم اس قدر بھولے نہیں ہیں کہ ان کو کوئی خبر نہ ہو یہ سارے معاملات ان کے بندکمروں میں پہلے ہی طے پاجاتے ہیں بعد میں عوامی دباؤپر وزیراعظم کے نوٹس لینے کی خبریں میڈیا میں پھیلا دی جاتی ہیں مگر کچھ عرصہ کے بعد ان کے ظالمانہ اقدامات کا سلسلہ پھر سے شروع ہوجاتاہے ۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عوام کو اس ملک کے موجودہ حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے تحریک انصاف کا ساتھ دینا ہوگاکیونکہ یہ ہی وہ واحد جماعت ہے جواس ملک کی عوام کے مقدر کو جگا سکتی ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات