لاہور، قومی ایئر لائنز کے ملازمین کا مجوزہ نجکاری کے خلاف کئی دنوں سے جاری احتجاج ختم

منگل 2 فروری 2016 16:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 فروری۔2016ء) پاکستان ایئر لائنز کے ملازمین کا مجوزہ نجکاری کے خلاف کئی دنوں سے جاری احتجاج ختم کردیا گیا۔ گذشتہ روز بی آئی اے کے تمام ملازمین خلاف معمول صبح 8بجکر30منٹ پر دفتر پہنچ گئے اور دروازے پر لگے تالے کو آری سے کاٹ کر اپنی اپنی ڈیوٹیاں سنبھال لیں۔ معمول کے مطابق اندرون ملک اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کو ٹکٹیں فروخت کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

اس موقع پر پی آئی اے ملازمین نے میڈیا کو کوریج کرنے سے منع کردیا جبکہ دفتر میں موجود پی آئی اے کے کسی بھی ملازم نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرنے سے گریز کیا۔ پی آئی اے کے ٹکٹ آفس کے منیجر تجمل حسین چٹھہ نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی کی تالہ بندی سے اندرون و بیرون ملک آنے والے مسافروں کو شدید پریشانی اٹھانا پڑ رہی تھی۔

(جاری ہے)

مسافروں کی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے دفاتر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی کے دفتر کے باہر احتجاج کے سلسلہ کو ختم کردیا گیا ہے جبکہ دفتر میں معمول کے مطابق حاضری کو یقینی بنایا گیا ہے۔ جب ان سے کراچی کے حوالے سے جاری احتجاج میں مظاہرین پر گولیاں چلانے اور لاٹھی چارج کے حوالے سے سوال کیا گیا کہ کراچی کے ملازمین کا احتجاج جاری ہے جبکہ لاہور نے اپنے احتجاج کو پیک کردیا ہے تو اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں کسی قسم کا کوئی کمنٹ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں اس حوالے سے پی آئی اے اتھارٹی سے رابطہ کریں۔ پی آئی اے آفس میں موجود کوئی بھی ملازم میڈیا سے گفتگو کرنے سے گریزاں رہا۔ملازمین کے چہروں سے تاثر ملتا تھا کہ انہیں حوالے سے خاصا ڈرایا دھمکایا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :