لاہور ،حساس اداروں کی کارروائی ،بھارتی جاسوس گرفتار

منگل 2 فروری 2016 16:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 فروری۔2016ء) کاہنہ میں پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھارتی جاسوس کو گرفتار کر لیا،گرفتار ہونے والا مشتبہ شخص بھارت کے شہر نئی دہلی کا رہائشی ہے۔تفصیلات کے مطابق منگل کے روزلاہور کے علاقے کاہنہ میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاعات پر ایک گھر پر چھاپہ مارا جس کے نتیجے میں ایک بھارتی جاسوس کو گرفتار کر لیا ۔

جبکہ گرفتار ہونے والا بھارتی جاسوس اپنا نام افضل اور خود کو پاکستانی شہری ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ایس پی ماڈل ٹاؤن متنصر فیروز کے مطابق گرفتار ہونے والا شخص کچھ عرصہ قبل کراچی سے لاہور منتقل ہوا تھا جس کے بارے میں خفیہ اطلاعات تھیں کہ وہ مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

(جاری ہے)

ایس پی ماڈل ٹاؤن نے بتایا کہ ملزم پہلے خود کو پاکستانی شہری جبکہ اپنا نام افضل بتا رہا تھا لیکن جب اس سے بتدائی تفتیش کی گئی تو پتہ چلا کے گرفتار ہونے والا شخص بھارتی شہری ہے جوکچھ عرصہ قبل غیر قانونی طور پر نئی دہلی سے کراچی منتقل ہوا اور کافی عرصہ تک وہی مقیم رہا ۔

تاہم کچھ دن پہلے وہ کراچی سے لاہور منتقل ہو ا۔ایس پی متنصر کا مزید کہنا تھا کہ ملز م کا اصل نام احمد صدیقی اور اسکے والد کا نام اختر صدیقی ہے۔پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے بعد بھارتی جاسوس کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیاگیا جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے بعد اسکا پاکستان میں رہنے سے متعلق اصل حقائق سامنے آ سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :