امریکا کشمیرکی آزاد ی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،افتخار حسین

منگل 2 فروری 2016 16:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 فروری۔2016ء) ہیومن رائٹس ویلفیئرفورم کے صدر افتخار حسین نے مقبوضہ کشمیرمیں طویل عرصے سے جاری بھارتی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کشمیرکی آزاد ی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ،مقبوضہ کشمیرکی آزادی پاکستان کی بقا وسلامتی کیلئے ناگزیرہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے اورمقبوضہ کشمیرکی آزادی کے بغیرپاکستان نامکمل ہے اورکشمیر کامسئلہ حل کیے بغیرجنوبی ایشیا میں پائیدارامن کا خواب شرمندہ تعبیرنہیں ہوسکتا ،کشمیریوں کوحق خود ارادیت دینے کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے علمبرداروں اورتنظیمیوں کی بھارتی افواج کی جانب سے کشمیریوں پرڈھائے جانے والے سنگین مظالم پر خاموشی شرمناک ہے بھارت برسوں سے مظلوم کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیل رہا ہے ، امن کے ٹھیکیداروں نے کشمیریوں کے قتل عام پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کی ترقی کا راز مسئلہ کشمیر کے پر امن حل میں پوشیدہ ہے لیکن بھارت امریکی آشیر باد سے کشمیر کے مسئلہ کے حل میں سب سے بڑے رکاوٹ ہے ۔