حکومت تاجروں کے مسائل سے بخوبی آ گا ہ ہے ،رانا ثناء اللہ

منگل 2 فروری 2016 16:48

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 فروری۔2016ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ حکومت تاجروں کے مسائل سے بخوبی واقف ہے اور وہ ان مسائل کے حل میں بھی سنجیدہ ہے۔توانائی اور پیٹرولیم سے متعلق پراجیکٹ کو دسمبر 2017 ء میں مکمل کرلیا جائے گا جس سے نیشنل گرڈ میں دس ہزار میگاواٹ بجلی کو شامل کرنے میں مدد ملے گی اور اس سے بجلی کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گیا۔

حکومت نے بینکوں سے لین دین پر عائد 0.6 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس میں 0.3 فیصد کی کمی کی منظوری دے دی ہے جبکہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں بھی 29 فروری تک توسیع کردی گئی آن لائن کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک شادی کی تقریب میں سپریم انجمن تاجران کے سرپرست حاجی اسلم بھلی اوردیگر عہدیداران سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے فیصل آباد کی تعمیر و ترقی کے لئے اربوں روپے کے فنڈز فراہم کئے ہیں جن سے کینال ایکسپریس وے سمیت جھال چوک انڈر پاس ‘ چلڈرن ہسپتال ‘ گورنمنٹ جنرل ہسپتال حسیب شہید کالونی اور دیگر میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے ترقی کے میدان میں فیصل آباد کی کایا پلٹ جائے گی۔

موجودہ حکومت بڑے شہروں میں مواصلاتی ترقی پر گہری توجہ دے رہی ہے اس ضمن میں فلائی اوورز ‘ انڈر پاسز ‘ کشادہ سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو تیز رفتار سفر کے علاوہ تعلیم و صحت اور دیگر شعبوں کی جدید بنیادی سہولتوں تک آسان رسائی حاصل ہوئی ہے ۔ جدید تقاضوں کے مطابق ذرائع مواصلات کی ترقی معاشی و سماجی انقلاب کی نوید ہے ۔

چھ ارب روپے کی لاگت سے کینال ایکسپریس وے کا جدید میگا پراجیکٹ فیصل آباد کی ترقیاتی جہتوں میں مزید وسعت لائے گا جس کی بدولت ایک خوبصورت ‘خوشحال اور ترقی یافتہ شہر ابھر کر سامنے آئے گا ۔ اس موقع پرسپریم انجمن تاجران کے عہدیداران نے کہاکہ ہم حکومت کی انقلابی پالیسیوں کی حمایت کرتے ہیں ہمیں یقین ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت میں پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنا کر دم لے گی۔

متعلقہ عنوان :