ذمہ دار صحافت معاشرے کی بہتری کے لئے نمایاں کردار ادا کرتی ہے‘بریگیڈئیر(ر) امیر حمزہ

منگل 2 فروری 2016 15:12

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 فروری۔2016ء) ڈ ائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز اکیڈمی(ریسکیو1122) بریگیڈئر (ر)امیر حمزہ نے نئے منتخب ہونے والے صدر لاہور پریس کلب میاں شہباز اور دیگر عہدیداران کو مبارکباد دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پریس کلب پاکستان میں صحافت اور صحافیوں کے لئے ایک رول ماڈل ادارے کی حیثیت رکھتا ہے اور صوبہ میں صحافت کی بنیاد ماناجاتا ہے۔

گزشتہ روز صدر پریس کلب میاں شہباز اور سیکرٹری شاداب ریاض کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسی دنیا میں رہ رہے ہیں جو معلومات کی تیز فراہمی سے سکڑ کر گلوبل ویلیج کی شکل اختیار کرگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت نے معاشرے کو سوچنے کا انداز اور عمل کرنے کا طریقہ سکھایا ہے اور ذمہ دار صحافت ہمیشہ معاشرے میں سدھار کا سبب بنی ہے۔

(جاری ہے)

بریگیڈئیر امیر حمزہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں لاہور پریس کلب کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ایمرجنسی سروسز میں بہتری لانے کے لئے ہمیں اس رہنما کردار کی ضرورت ہوگی۔ صدر لاہور پریس کلب شہباز میاں نے ڈائریکٹر جنرل کا شکریہ ادا کیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی (ریسکیو1122)پریس کلب میں صحافیوں کے لئے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کرے جس میں ابتدائی طبی امداد؛ فائر فائٹنگ اور دیگر بنیادی لائف سپورٹ ٹریننگ پروگرام شامل ہو ۔

ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز اکیڈمی بریگیڈئیر (ر)امیر حمزہ صدر لاہور پریس کلب کے اس خیال کی تائید کرتے ہوئے رجسٹرار ایمرجنسی سروسز اکیڈمی ڈاکٹر فرحان خالد اور ترجمان جام سجاد حسین کو ہدایت کی کہ وہ لاہور پریس کلب کے عہدیداران کی باہمی مشاورت سے پروگرام کو حتمی شکل دیں۔ قبل ازیں افسر تعلقاتِ عامہ پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122)جام سجادحسین نے لاہور پریس کلب کا دورہ کیا اور ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کی نمائندگی کرتے ہوئے صدر لاہور پریس کلب شہباز میاں اور سیکرٹر ی شاداب ریاض کو پھولوں کا گلدشتہ پیش کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر شہباز میاں نے کہا بلاشبہ ریسکیو 1122ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کی جانب سے فراہم کی جانے والی تربیت کا عکس ہمیں سروس کے ایمرجنسی آپریشنز میں نظر آتا ہے۔