محکمہ جنگلی حیات کوہاٹ نے ٹل بازار میں چھاپہ مار کر نایاب پرندے قبضے میں لے لئے

منگل 2 فروری 2016 13:52

پشاور۔02 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 فروری۔2016ء)محکمہ جنگلی حیات کے سب ڈویژنل آفیسر کی زیر نگرانی ریڈ پارٹی نے ضلع ہنگو کے علاقے ٹل بازار میں چھاپہ مار کر متعدد افراد سے مختلف نسل کے نایاب پرندے قبضے میں لے لیے۔ ملزمان کے خلاف قانون کے تحت مقدمات درج کرا دیئے گئے ہیں۔ ڈویژنل آفیسر جنگلی حیات کوہاٹ نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف خیبر پختونخوا وائلڈلائف ایکٹ 2015کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا گیاہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ محکمہ جنگلی حیات کی نایاب پرندوں اور دیگر جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے کارروائیاں جاری ہیں ۔ جنگلی حیات کی سمگلنگ کوروکنے اوران کے غیر قانونی شکار میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا تنگ کر دیاگیا ہے اورجنگلی حیات کے تحفظ کے لئے ہنٹنگ ایریاز، بازاروں، ڈیموں اور بڑی شاہراہوں کیلئے مختلف چھاپہ مار پارٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ نے گزشتہ کئی ماہ کے دوران خیبر پختونخوا وائلڈلائف ایکٹ 2015 کی خلاف ورزی پر لاکھوں روپے جرمانہ وصول کرنے کے علاوہ مختلف نسلوں کی نایاب جنگلی حیات کو بھی اپنے قبضے میں لیا ہے۔