قومی ایئر لائن کی نجکاری کے خلاف ہڑتال : کراچی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں پی آئی اے کے دو ملازمین زخمی

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 2 فروری 2016 13:17

کراچی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 02 فروری۔2015ء ) قومی ایئر لائن کی نجکاری کے خلاف ہڑتال کے اعلان کے موقعے پر کراچی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں پی آئی اے کے دو ملازمین زخمی ہوئے ہیں۔پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے ہڑتال کی کال پر پی آئی اے کے ملازمین نے ایئر لائن کے آپریشنز بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

منگل کو پی آئی اے کے ملازمین نے کارگو ٹرمینل سے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی جانب مارچ کیا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی اس ہڑتال میں انجینیئرنگ ڈپارٹمنٹ بھی شامل ہو گیا ہے جس کے باعث جہازوں کا شیڈول متاثر ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ان کو سکیورٹی فورسز نے ایئر پورٹ سے پہلے ہی روک لیا۔ ڈنڈوں سے لیس رینجرز نے مظاہرین کو آگے نہ بڑھنے کی تنبیہہ کی تاہم مظاہرین حصار توڑ کر آگے بڑھ گئے۔

(جاری ہے)

اس موقعے پر واٹر کینن کا استعمال بھی کیا گیا۔حالات اس وقت مزید خراب ہو گئے جب ہجوم پر فائر کیا گیا جس کے باعث پی آئی اے کے دو ملازمین زخمی ہوئے۔سکیورٹی فورسز نے کوریج کے لیے آئے صحافیوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کئی صحافی زخمی ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے پی آئی اے پر لازمی سروس ایکٹ 1952 نافذ کردیا ہے جس کے تحت پی آئی اے میں کام کرنے والے ملازمین کسی طور پر بھی ہڑتال نہیں کرسکیں گے اور ملازمین کی تمام یونینزاس ایکٹ کے تحت کالعدم قراردے دی گئی ہیں۔