آبی گزرگاہوں میں جہاز رانی کا منصوبہ شروع کرنے کیلئے تمام ترقیاتی کام آئندہ دو ماہ میں مکمل کر لئے جائیں ‘یاور زمان

جہاز رانی کے روٹ میں داؤد خیل سے تونسہ تک ایکسٹیشن پائلٹ منصوبے کی کامیابی سے مشروط ہو گی‘صوبائی وزیر آبپاشی

پیر 1 فروری 2016 21:43

طلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء )صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ آبی گزرگاہوں میں جہاز رانی کا منصوبہ شروع کرنے کیلئے اٹک تا داؤد خیل روٹ پرتمام ترقیاتی کام آئندہ دو ماہ میں مکمل کر لئے جائیں ،جہاز رانی کے روٹ میں داؤد خیل سے تونسہ تک ایکسٹیشن پائلٹ منصوبے کی کامیابی سے مشروط ہو گی۔

یہ باتیں انہوں نے محکمہ آبپاشی کے سیکرٹریٹ میں ان لینڈواٹر ویز ٹرانسپورٹ ڈویلپمنٹ کمپنی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں۔اجلا س میں سیکرٹری آبپاشی کیپٹن (ر) سیف انجم ، ڈائریکٹر انوائرمینٹل مینجمنٹ یونٹ ڈاکٹر محمد جاوید، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ عاشق حسین اولکھ کے علاوہ پنجاب پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی اور محکمہ قانون کے نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمیٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسرمحمد اظہر کی جانب سے شرکاء کو ترقیاتی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر آبپاشی میاں یاور زما ن نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے کے دوران پائلٹ بنیادوں پر دریائے سندھ میں اٹک تا داؤد خیل جہاز رانی کا آغاز کیا جائے گا اور اس پراجیکٹ کے فیڈ بیک کو مدنظر رکھتے ہوئے اس روٹ میں تونسہ تک توسیع دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کو اس منصوبے کی افادیت کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے جس کے فوری انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے اجلاس میں شریک جہازرانی کے ماہرین سے کہا کہ دریائے سندھ کے مجوزہ روٹ میں دریا کی زیریں سطح کا سروے کرنے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ کم پانی ہونے کی صورت میں کسی ناگہانی صورتحال سے محفوظ رہا جا سکے۔ اجلا س میں انہوں نے جہاز رانی سے متعلق ترقیاتی سرگرمیوں میں کام کی کوالٹی برقرار رکھنے کے حوالے سے کوالیفائیڈ سٹاف کو پراجیکٹ سائیٹ پرتعینات کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔