کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل کی زیر صدارت کمشنر اسکول کرکٹ کپ 2016ء لاہور ڈویژن کے متعلق اجلاس

کمشنر کپ کی افتتاحی تقریب 6 فروری کو جمخانہ کرکٹ گراؤنڈ باغ جناح میں ہوگی ، پاکستان کے ممتاز کرکٹر بھی شرکت کرینگے

پیر 1 فروری 2016 20:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء ) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ کمشنر اسکول کرکٹ چمپیئن شپ سیریز اسکول سطح پر کرکٹ کے کھیل کو فروغ دینے اور قومی کرکٹ کے لیے اسکولوں کی صورت میں کرکٹ کی نرسریوں کے احیاء کے لیے اہم کردار ادا کرے گی- کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل کی زیر صدارت کمشنر اسکول کرکٹ کپ 2016ء لاہور ڈویژن کے متعلق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمشنر کپ کی باوقار افتتاحی تقریب 6 فروری 2016ء کو جمخانہ کرکٹ گراؤنڈ باغ جناح میں ہوگی جس میں پاکستان کے ممتاز کرکٹر بھی خصوصی شرکت کریں گے جبکہ فائنل میچ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا-کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ چاروں اضلاع کی فاتح و رنر اپ ٹیموں سمیت لاہور کے پرائیویٹ اسکولوں کی 16 ٹیمیں 4 پولوں میں تقسیم ہو کر لیگ سسٹم کے تحت میچ کھیلیں گی- انہوں نے کہا کہ ہر ٹیم کو ایک کٹ بیگ ضرور دیا جائے گا- دس ٹیموں کو ضلعی انتظامیہ لاہور اور چھ ٹیموں کو متعلقہ اضلاع دیں گے جبکہ فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں اور پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اسکولوں کے ہونہار طلباء کو نقد انعامات بھی دیئے جائیں گے- انہوں نے کہا کہ افتتاحی تقریب میں فاتح ٹرافی کی رونمائی کے علاوہ تمام ٹیموں کے کھلاڑی شرکت کریں گے- ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ کھیلوں کے حوالے سے تمام اسکولوں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ضلعی انتظامیہ لاہور کمشنر اسکول کرکٹ کپ کے لیے بھرپور انداز میں کام کررہی ہے-کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل کی زیر صدارت ہونے والے آج کے اجلاس میں ڈی سی او لاہور کے علاوہ ڈی سی او ننکانہ، معروف سابق ورلڈ کلاس کرکٹر سلیم ملک، سرکاری و نجی اسکولوں کے سپورٹس افسران اور پی سی بی کے افسران نے شرکت کی-