متحدہ اپوزیشن (کل )کو جی پی اور چوک پر اورنج ٹرین کی موجودہ شکل کیخلاف بڑا احتجاجی مظاہرہ کریگی

پیر 1 فروری 2016 19:34

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء ) متحدہ اپوزیشن کل بروز ( منگل ) کو جی پی اور چوک پر اورنج ٹرین کی موجودہ شکل کیخلاف بڑا احتجاجی مظاہرہ کریگی۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز جماعت اسلامی کے دفتر لٹن روڈ پر میاں محموالرشید کی زیرصدارت متحدہ اپوزیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں جماعت اسلامی لاہور کے امیر ذکراﷲ مجاہد، ق لیگ کے مرکزی رہنما میاں منیر، پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنماء ثمینہ خالد گھرکی، عوامی تحریک کے صوبائی رہنما میجر سعید اور نوراﷲ صدیقی، تحریک انصاف کی جانب سے ملک ظہیر عباس کھوکھر نے شرکت کی۔

اجلاس میں کل کے احتجاج سے متعلق حکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ حکومت احتجاج روکنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، متاثرین کیلئے لگائے جانیوالے کیمپوں کو اکھاڑ دیا گیا ہے کارکنوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، میاں محمودالرشید نے کہا کہ ہمار احتجاج پر امن ہے لہذا اگر کوئی گڑ بڑ کی گئی تو اسکی ذمہ دار حکومت ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متاثرین کی آواز اٹھانا کوئی جرم نہیں ہم کسی صورت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اگر اورنج ٹرین منصوبہ عوامی ہے تو اسے اسمبلی میں کیوں نہیں پیش کیا گیا اور اس سے عوام خوفزدہ کیوں ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ حکمران لاہور کی شناخت نہیں اپنی سوچ بدلیں اور عوامی مسائل کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں۔

اس موقع پر میاں منیر نے کہا کہ لاہور کاتاریخی حسن برباد نہیں ہونے دینگے اپنا قومی ورثہ بچانا جانتے ہیں حکومت کو عوام دشمن فیصلے واپس لینے ہونگے۔ میجر سعید اور نوراﷲ صدیقی کا کہنا تھا کہ آج شہنشاہ پنجاب اور انکی پالیسیوں کیخلاف عوامی ریفرنڈم ہوگا، حکومت نے رویہ نہ بدلا فیصلہ سڑکوں پر ہوگا۔ پیپلز پارٹی کی رہنماء ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ ہم میاں محمودالرشید کی سربراہی میں بننے والے اپوزیشن اتحاد کا حصہ ہیں آج کارکنوں کی شرکت حکومتی پروپیگنڈوں کو بے نقاب کردیگی۔ اس موقع پر ذکراﷲ مجاہد کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ مثبت سیاست کی اورعوام دشمن کسی منصوبے کی حمایت نہیں کریگی۔

متعلقہ عنوان :