نجکاری کا اصل مقصد دراصل عوام کو سالانہ 500 ارب روپے کے بوجھ سے نجات دلانا ہے،چوہدری محمد نواز

پی آئی اے کی نجکاری کا اصل مقصد دراصل عوام کو سالانہ 500 ارب روپے کے بوجھ سے نجات دلانا ہے، صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس

پیر 1 فروری 2016 19:32

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر چوہدری محمد نواز نے پی آئی اے کی نجکاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجکاری کا اصل مقصد دراصل عوام کو سالانہ 500 ارب روپے کے بوجھ سے نجات دلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کا یہ مسلمہ اصول ہے کہ حکومت کا کام صرف گورننس ہے جبکہ کاروبار کرنا نجی شعبہ کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے سابقہ حکومتوں نے محض ذاتی مفادات کیلئے نہ صرف پی آئی اے جیسے ادارے قائم کئے بلکہ ان میں بے تحاشہ نا اہل افراد بھی بھرتی کئے جو اب سفید ہاتھی بن چکے ہیں اور حکومت کو ہر سال قومی خزانہ سے ان کے اخراجات کیلئے 500 ارب روپے دینے پڑتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ بوجھ اس قدر بڑھ چکا ہے کہ قومی خزانہ کیلئے اسے برداشت کرنا بھی ممکن نہیں رہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان اداروں کے ملازمین کو ان کا قانونی اور جائز تحفظ ضرور ملنا چاہیئے مگر انہیں اس بات کی اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ اپنا پیٹ بھرنے کیلئے ٹیکس دینے والے غریب عوام پر مستقل بوجھ بن جائیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پی آئی اے کے ملازموں کو بے روزگار نہ کیا جائے اور انہیں ملازمت سے نہ نکالنے کی قانونی اور آئینی گارنٹی دی جائے تا کہ وہ پوری دلجمعی سے اپنے فرائض ادا کرتے رہیں۔

چوہدری محمد نواز نے مزید کہا کہ باوثوق ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف مارچ میں فیصل آباد کا دور ہ کر رہے ہیں ۔ انہیں اس دورے کے دوران فیصل آباد میں نیاجدید اور سٹیٹ آف دی آرٹ سول ایئرپورٹ تعمیر کرنے کا بھی باضابطہ اعلان کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پی آئی اے کے علاوہ چار غیرملکی فضائی کمپنیاں بھی یہاں سے اپنی پروازیں چلا رہی ہیں جبکہ ترکش ایئرلائنز بھی یہاں سے بہت جلد پروازیں شروع کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کی کوششوں سے فیصل آبادکا موجودہ ایئرپورٹ جو گزشتہ کئی سالوں سے مسلسل خسارے میں تھا آج اچھا خاصا منافع کما رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جولائی سے نومبر تک ایئرپورٹ نے 7 کروڑ کا منافع کمایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہاں نیا ایئرپورٹ قائم کر دیا جائے تو اس سے جہاں لوگوں کو فضائی سفر کی مزیدسہولیتں ملیں گی وہاں یہ محاصل کمانے کا بھی اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو مارچ میں دورہ فیصل آباد کے دوران شہر کی ترقی کے دوسرے منصوبوں کے ساتھ ساتھ نئے ایئرپورٹ کے قیام کا بھی باضابطہ اعلان کرنا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :