حکومت پنجاب صنعتی و معاشی ترقی،روز گار اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے‘چودھری شیر علی خان

چنیوٹ رجوعہ کے معدنی ذخائر کے قابل عمل ہونے بارے مثبت پیشرفت سامنے آئی ہے‘صوبائی وزیر معدنیات وکان کنی اعلیٰ افسران سے گفتگو

پیر 1 فروری 2016 19:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء ) صوبائی وزیر معدنیات و کا ن کنی چودھری شیر علی خان نے کہاہے کہ حکومت پنجاب قیمتی معدنیات اور دھاتوں کی دریافت کے ذریعے صنعتی و معاشی ترقی،روز گار اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے موثر اقدامات عمل میں لا رہی ہے، غیر ملکی ماہرین کی رپورٹ کے مطابق چنیوٹ رجوعہ کے مقام پر دریافت ہونے والے معدنی ذخائر کے قابل عمل ہونے بارے مثبت پیشرفت سامنے آئی ہے-انہوں نے یہ بات اس حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس میں محکمہ معدنیات کے اعلی افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی-وزیر معدنیات چودھری شیر علی خان نے کہاکہ دریافت ہونے والے معدنی ذخائر صوبہ پنجاب کی صنعتی و معاشی ترقی اور روز گار کے مواقعوں کو فروغ دینے کے لئے سنگ میل ثابت ہوں گے- اجلاس کو بتایا گیاکہ چنیوٹ میں دریافت ہونے والے لوہے ، تابنے ودیگرقیمتی معدنیات کے ذخائر کا حجم توقعات سے زیادہ ہے نیز علاقے میں ان کی موجودگی کے حوالے سے نشاندہی میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے پیش نظر حکومت پنجاب نے ان ذخائر سے استفادہ او ردریافت کے عمل میں تیزی لانے کے لئے محکمہ معدنیات کو اضافی فنڈز بھی فراہم کئے ہیں-ان ذخائر کے حوالے سے جرمن ماہر ڈاکٹر جرگن ہرتیش نے بھی مثبت رپورٹ پیش کی ہے جس کی روشنی میں معدنی ذخائر کے منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھایاجائے گا- اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ معدنیات صوبہ بھر کے 27مختلف مقامات پر دیگر معدنیات کی لیز کے معاملات میں بہتری لانے کے لئے بھی ضروری قانونی و انتظامی اقدامات عمل میں لا رہاہے-وزیر معدنیات چودھری شیر علی خان نے کہا کہ حکومت پنجاب چنیوٹ کے معدنی ذخائر کو نکالنے کیلئے اچھی شہرت کی حامل قومی اور غیرملکی بین الاقوامی کمپنیوں سے بھی بات چیت کر رہی ہے جبکہ ان معدنی ذخائر سے بھرپور استفادہ کے لئے مقا می سطح پر صنعتیں لگانے کے لئے ٹھوس لائحہ عمل بھی طے کیا جارہاہے -انہوں نے کہاکہ معدنی وسائل سے استفادہ کر کے ملکی معیشت کو فروغ دیا جا سکتاہے یہی وجہ ہے کہ وزیراعلی محمد شہبازشریف نے محکمہ معدنیات کو جدید خطوط پر استوار کر کے اصلاحات و تنظیم نو کے ذریعے اس کی استعداد کارمیں اضافے کا حکم دیا تاکہ محکمے کو جدید او رپیشہ وارانہ خطوط پر استوار کر کے معدنی وسائل سے موثر انداز میں استفادہ کیا جا سکے-