صوبے کے عوام کو تعلیم کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کا تحفظ بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے ‘رفیق رجوانہ

سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ نجی تعلیمی اداروں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ‘گورنر پنجاب

پیر 1 فروری 2016 19:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کو تعلیم کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کا تحفظ بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،بچے ہمارا مستقبل ہیں ان کی بہتر ذہنی آبیاری ہی ہمارے روشن کل کی ضمانت ہے اور تعلیم کے شعبے پر تمام ضروری وسائل خرچ کیے جا رہے ہیں - ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کے وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں سے ملاقات کے دوران کیا ، جنہو ں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی -گورنر پنجاب نے کہا کہ صوبے بھر کے سکولز اور تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو سخت کر دیا گیا ہے اور اس مقصد کے لیے باقاعدہ ایس او پیز مرتب کیے گئے ہیں - انہو ں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ نجی تعلیمی اداروں کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں نجی تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر باقاعدہ پالیسی بنائی جا رہی ہے - گورنر پنجاب نے کہا کہ تمام تعلیمی ادارے بچوں کی تعلیم و تدریس کا عمل بلا خوف و خطر پوری تندہی سے جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ تعلیم کو صوبے کے طول و ارض میں عام کیا جائے گا جبکہ پسماندہ اور دوردراز علاقوں پر اس حوالے سے سب سے زیادہ توجہ دی جائے گی-گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے سربراہان کی تعیناتی خالصتا میرٹ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے جبکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیقی سرگرمیوں کی بھی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے - انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈمیں اضافہ ، پوزیشنز ہولڈرز طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی اور مستحق بچوں کے لیے وظائف کی تعداد میں اضافہ یہ وہ احسن اقدامات ہیں جن سے تعلیمی شعبے کی کارکردگی بہتر ہو رہی ہے - انہو ں نے کہا کہ لاہور میں جدید سہولتوں سے مزین نالج پارک تعمیر کیا جا رہا ہے جہاں ملکی تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ اعلی شہرت کے حامل بین الاقوامی اداروں کے بھی کیمپسز کھولے جائیں گے-وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے گورنر پنجاب کو سرکاری تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن اور وہاں تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا -انہوں نے صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں کو بہتر ین سکیورٹی فراہم کرنے کا عزم کرتے ہوئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی یقین دہانی کرائی -

متعلقہ عنوان :