بلاول بھٹو زرداری کا لاہور کے متنازع اورنج لائن منصوبے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ماہرین نے منصوبے کی پہلے ہی مخالفت کردی ہے، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی

پیر 1 فروری 2016 18:44

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور کے متنازع اورنج لائن منصوبے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا ہے جن کے ابائی رہائشی مکانات، کاروبار اور دکانیں انتظامیہ نے مسمار کردی ہیں جبکہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ماہرین نے اس منصوبے کی پہلے ہی مخالفت کردی ہے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوازلیگ نے پنجاب کے حکمرانوں کو شاہی سہولت طور راستہ مہیا کرنے کے لیے غریبوں کے ابائی رہائشی مکانات، کاروبار اور دکانیں ظالمانہ انداز میں مسمار کی ہیں اور ساتھ ساتھ لاہور شہر کے آثارقدیمہ بھی مسمار کیے جارہے ہیں جبکہ احتجاج کرنے والوں کو تشدد کے ذریعے دھمکایا اور ڈرایا جا رہا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کارکنان کو اورنج لائن منصوبے کے متاثرین کے ابائی رہائشی مکانات، کاروبار اور دکانیں بچانے کے لیے ان کے ساتھ کھڑے رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے رہنما اور کارکنان پہلے ہی نوزشریف اور اس کے خاندان کے’’ مکانات مسمار کرنے والے دستے‘‘ کی جانب سے ہونے والی غیر انسانی کارروائی کے خلاف متاثرین کے احتجاج میں شامل رہے ہیں،چیئرمین پیپلزپارٹی نے پارٹی کارکنان پر زور دیا ہے کہ لاہور کے ہزاروں شہریوں کے روزگار اورلاہور کے آثار قدیمہ کے تحفظ کے لیے اورنج لائن منصوبے کے متاثرین کی جدوجہد میں ان کاساتھ دیا جائے،جن کو ’’ شریف بلڈورزر‘‘ مسمار کر رہے ہیں،دوسری جانب چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نوازلیگ حکومت کے اس قدم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست صارفین کو دینے کے بجائے نواز حکومت خود نگل گئی، انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل اسموں کی قیمتوں میں بڑے پئمانے پر کمی کے بعد پاکستان میں اس کی قیمت 45روپے فی لٹر سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے، بلاول بھٹو زرداری نے نوازلیگ حکومت کی طرف سے تیل کی قیمتوں میں کی گئی کمی کو رد کرتے ہوئے پارٹی کے منتخب نمائندوں سے کہا ہے کہ وہ عالمی مارکیٹ کے تحت تیل قیمتوں میں کمی کا فائدہ صارفین کو دلانے اور اورنج میٹرو منصوبے کے متاثرین کے تحفظ کے لیے تیل قیمتوں اور اورنج میٹرو لائن منصوبے کے معاملات ایوانوں میں اٹھائیں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی شریف برادران کو عوام سے دھوکے کی اجازت نہیں دے گی اور صارفین کے حقوق کا ہر صورت میں تحفظ کیا جائے گا کیونکہ پارٹی عام اور پسماندہ عوام کے حقوق کے لیے بنی ہے اور ان کے حقوق کیلئے یہ جدوجہدکہیں رکے بغیر ہمیشہ جاری رہے گی۔