رینجرز اختیارات کے معاملے میں وفاق ،سندھ حکومت میں ایک بار پھر ٹھن جانے کا خدشہ

سندھ حکومت نے وہی اختیارات رینجرزکودینے کا فیصلہ کیاجسے وفاق مسترد کر چکا ہے رینجرز اختیارات سے متعلق شرائط میں تبدیلی نہیں ہو سکتی،تبدیلی کیلئے سندھ اسمبلی سے رجوع کرنا پڑیگا، مولا بخش چانڈیو

پیر 1 فروری 2016 18:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء) رینجرز اختیارات کے معاملے میں وفاق اور سندھ حکومت میں ایک بار پھر ٹھن جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ سندھ حکومت نے وہی اختیارات رینجرزکودینے کا فیصلہ کیاہے جسے وفاق مسترد کر چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت اور سندھ کے درمیان رینجرز کے اختیارات کا مسئلہ ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے رینجرز کو ایک بار پھر وہی اختیارات دینے کا فیصلہ کیاہے جو وفاق نے مسترد کئے تھے۔ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد سندھ اسمبلی کی قرارداد کے مطابق رینجرز اختیارات میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری ہو گا جس کے تحت رینجرز کو دہشت گردی، اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم کے خلاف کارروائی کی اختیارات حاصل ہوں گے تاہم کسی سیاسی شخصیت یا سرکاری حکام کے خلاف کارروائی کیلئے رینجرز کو حکومت سندھ سے اجازت لینا ضروری ہوگا۔

(جاری ہے)

سندھ میں رینجرز کے اختیارات کی مدت تین فروری کو ختم ہو رہی ہے۔ دسمبر میں حکومت سندھ کی سمری کو وفاق نے مسترد کر کے رینجرز کو خود ہی اختیارات دے دیے تھے وہ بھی ایک ہفتے بعد ختم ہو جائیں گے۔ سندھ حکومت کے ترجمان مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ رینجرز کے اختیارات سے متعلق شرائط میں تبدیلی نہیں ہو سکتی۔ شرائط میں تبدیلی کیلئے سندھ اسمبلی سے رجوع کرنا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :