گلگت بلتستان میں 2249 ڈاکٹرز، 1264 ڈینٹسٹ اور9400 پیرامیڈیکل اسٹاف کی کمی کا انکشاف

اس وقت آبادی13 لاکھ ہے،صرف249،34 ڈینٹسٹ اور1423 میڈیکل سٹاف کام کررہے ہیں،رپورٹ

پیر 1 فروری 2016 16:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم فروری۔2016ء) گلگت بلتستان میں آبادی کے تناسب سے مجموعی طور پر 2249 ڈاکٹرز، 1264 ڈینٹسٹ اور9400 پیرامیڈیکل اسٹاف کی کمی کا انکشاف ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کی آبادی 13 لاکھ ہے تاہم علاقے میں اس وقت صرف248ڈاکٹرز، 34 ڈینٹسٹ اور1423پیرامیڈکل اسٹاف خدمات انجام دے رہے ہیں۔ عالمی معیارکے مطابق صحت کی بہترخدمات کی فراہمی کے لیے ہر 1000 نفوس کے لیے 2 ڈاکٹرز، ایک ڈینٹسٹ اور 8 نرسز کا ہونا ضروری ہے تاہم گلگت بلتستان میں اس وقت5241افرادکے لیے ایک ڈاکٹر، 38240 افرادکے لیے ایک ڈینٹسٹ جبکہ 914 افرادکے لیے ایک پیرامیڈیکل آفیسر میسرہے۔

جبکہ248 ڈاکٹرز میں سے اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی تعداد55، میڈیکل آفیسرزکی تعداد 172 اور ایڈمنسٹریٹیو کیڈرزکی تعداد21ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ گلگت بلتستان میں 525مراکزصحت قائم ہیں جن میں 29 سی ایم ایچ،6ڈی ایچ کیو،3آرایچ سی،23 بی ایچ یوز،44اے کلاس ڈسپنسریز،181سی کلاس ڈسپنسریز،79ایم سی ایچ سینٹرز، 112اے ایف پی،25 ایف اے پی ایم ایف، 23 ایف اے پی ایل جی اینڈآرڈی شامل ہیں۔

گلگت میں 5میڈیکل اسپیشلسٹ، 26میڈیکل آفیسرز اور14 ڈینٹل آفیسرز کنٹریکٹ پرکام کررہے ہیں جبکہ69میڈیکل اسپیشلسٹ، 56میڈیکل آفیسرز،9 ایڈمنسٹریٹیو کیڈرز کے آفیسران سمیت99پیرا میڈیکل اسٹاف کی پوسٹیں خالی ہیں۔ تاہم گلگت بلتستان کے سرکاری اورنجی اسپتالوں میں تشخیص اور علاج کی مناسب اورضروری سہولتیں میسر نہ ہونے کے باعث روزانہ سیکڑوں شہری ملک کے دیگر علاقوں میں جانے پرمجبور ہیں۔