لاہور، بیشتر نجی سکولز ایک ہفتہ کی تعطیلات ختم ہونے کے باوجود نہ کھل سکے

پیر 1 فروری 2016 15:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم فروری۔2016ء) لاہور میں واقع بیشتر نجی سکولز ایک ہفتہ کی تعطیلات ختم ہونے کے باوجود نہ کھل سکے جبکہ شہر کے تمام سرکاری سکولز پیر کے روز کھول دیئے گئے ہیں۔ سرکاری اور نجی سکولوں کو حکومت نے سکیورٹی کے پیش نظر ایک ہفتہ قبل بند کردیا تھا اور تمام سکولوں کی انتظامیہ کو سکولوں میں سکیورٹی کے موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی تھی۔

ایک ہفتہ کی سکولوں میں تعطیلات کے دوران حکومتی ٹیموں نے سکیورٹی مانیٹرنگ کی اور 372نجی سکولوں کو نہ صرف سکیورٹی رسک قرار دیا بلکہ بعض سکولوں کے ہیڈز کے خلاف مقدمات درج کیے اور بعض سکولوں کو سیل کیا گیا ۔ نجی سکولوں کی انتظامیہ نے اس کے باوجود اپنے پاس سے سکیورٹی فراہم کرنے سے انکار کردیا تھا اور سکولز کی بندش جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے عہدیداران اورصوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے جس میں صوبائی وزیر نے نجی سکولوں کی تنظیموں کے رہنماؤں کو یقینی دلایا تھا کہ وہ سکول کھولیں ۔ آئندہ کسی سکول کے خلاف مقدمہ درج نہیں ہوگا جبکہ نجی سکولز کی تنظیموں نے سکولوں کو سکیورٹی ملنے مقدمات واپس ہونے تک سکولز نہ کھولنے کا اعلان کیا تھا جس کی روشنی میں پیر کے روز سکولز نہ کھل سکے۔

دوسری جانب صوبے کے 12 بڑے اسکولوں کی سیکڑوں برانچیں آج بھی بند ہیں، بیکن ہاوٴس، ایجوکیٹر، لاکاس، سٹی اسکول، پی این ایس، لرننگ الائنس، کڈز کیمپس، اسمارٹ اسکول، سلامت سکول اور لاہور گریمر سمیت 12 اے پلس اور اے کیٹگری اسکول کی سیکڑوں شاخیں بند ہیں۔ ان اسکولوں کی انتظامیہ نے طلبہ کے بچوں کے والدین کو موبائل ایس ایم ایس کے ذریعے اس بات سے باضابطہ طور پر آگاہ بھی کردیا ہے۔

تدریسی عمل معطل رکھنے والے اسکولوں کے مشترکہ ترجمان تبریز بخاری کا کہنا ہے کہ وہ کسی پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے رکن نہیں اس لئے وہ ان تنظیموں کے فیصلوں کی پابندی کے بھی پابند نہیں، وہ حکومت کی ہدایات پر پوری طرح عمل کررہے ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت انہیں ہراساں کررہی ہے۔ سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، جب تک حکومت اسکولوں کی سیکیورٹی کو یقین نہیں بناتی اور ہمیں ہراساں کرنا بند نہیں کیا جاتا تب تک ہم اسکولز نہیں کھولیں گے۔

متعلقہ عنوان :