پٹرول قیمتوں میں کمی : ہنگوکے پٹرول سٹیشنز سے پٹرول نایاب

پیر 1 فروری 2016 15:45

ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم فروری۔2016ء)وزیر اعظم کی طرف سے پٹرول قیمتوں میں کمی کے بعد ہنگوکے پٹرول سٹیشنز سے پٹرول غائب۔ڈرائیوروں اور تاجر برادری کوشدیدمشکلات کاسامنا۔پٹرول نہ ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کے مالکان نے پٹرول سے چلنے والی گاڑیوں کوکھڑا کر دیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان میاں محمدنواز شریف کی جانب سے پٹرول کی قیمتو ں میں کمی کااعلان سامنے آنے کے بعد ہنگو کے پٹرول پمپز کے مالکان نے اپنے تمام پٹرول پمپز کوبند کردیا۔

(جاری ہے)

پٹرول پمپ کے مالکان کم قیمت میں پٹرول فروخت کرنے کے تیار نہیں ہے۔تمام پٹرول پمپوں میں پٹرول موجود ہے لیکن پمپوں کو باہر سے مکمل طورپر خاردار تاروں کے زریعے بند کر دیا گیا ہے۔پٹرول نہ ہونے کے باعث ہنگو میں پٹرول سے چلنے والی گاڑیوں کو کھڑا کر دیاہے۔گاڑیاں نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں اور تاجر برادری کو شدیدمشکلات کا سامنا کرناپڑھ رہا ہے اور کاروباری زندگی پوری طرح مفلوج ہو کر رہ گئی ہے جبکہ پٹرول نہ ہونے سے مضافاتی علاقوں سے شہر کی آمدورفت کا سلسلہ بھی بند ہو چکا ہے ۔جس پرعلاقے کے عوام نے شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکام بالا سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔