لاہور ہائیکورٹ نے سات سالہ مغوی بچے کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا،،،عدالتی حکم کے باوجود سات سالہ محمد احمد کو بازیاب نہ کرنے پر مغوی بچے کا والدجذبات پر قابو نہ رکھ سکا اور غشی کھا کر گر پڑا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 1 فروری 2016 14:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔یکم فروری۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔تھانہ صدر اوکاڑہ کے تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مغوی محمد احمد کی بازیابی کے لئے پولیس کی ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ بچے کی بازیابی کے لئے مزید مہلت دی جائے۔

(جاری ہے)

مغوی محمد احمد کے والد ذوالفقار نے عدالت کو بتایا کہ پولیس ملزمان کے ساتھ مل کر حقائق چھپا رہی ہے،،،گذشتہ سماعت پر پولیس نے جعلی بچے کو عدالت میں پیش کر کے عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش بھی کی تھی۔

جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر مغوی محمد احمد کوبازیاب کرا کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔مغوی بچے کا باپ جذبات پر قابو نہ رکھ سکا اور روتے ہوئے کمرہ عدالت سے باہر نکل کر غشی کاھا کر بے ہوش ہو گیا۔مغوی محمد احمد کے والد کو فوری طور پر طبی امداد کے لئے ہائیکورٹ بار کی ڈسپنسری میں منتقل کر دیا گیا۔