قطر سے ایل این جی کی خریداری سے متعلق وزارت پٹرولیم کی بریفنگ پر ابتدائی رپورٹ چئیر مین نیب کو ارسال،معاہدے کے طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار،ذرائع

اتوار 31 جنوری 2016 21:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31جنوری۔2016ء) قومی احتساب بیورو (نیب)نے قطر سے ایل این جی کی خریداری کے معاہدے سے متعلق وزارت پٹرولیم کی طرف سے دی جانے والی بریفنگ پر ابتدائی رپورٹ چئیر مین نیب کو ارسال کر دی ، ابتدائی رپورٹ میں معاہدے کے لئے اپنائے گئے طریقہ کار اور ریٹ پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نیب سندھ کے ڈائریکٹر جنرل کرنل ریٹائرڈ سراج نعیم کو وزارت پٹرولیم کی طرف سے قطر سے ایل این جی کی خریداری کے معاہدے پر ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی اور یہ بریفنگ وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کی طرف سے چئیر مین نیب لکھے گئے خط کے نتیجے میں ہوئی، وفاقی وزیر نے چئیر مین نیب کولکھا تھا کہ قطر سے ایل این جی کی خریداری کا معاہدہ کیا جاناہے اور میڈیا میں معاہدے سے متعلق مختلف قسم کے ابہام پیدا کرنے کی کو شش کی جا رہی ہے ،اس لئے نیب پیشگی اس معاملے کی چھان بین کر لے ، چئیر مین نیب قمر زمان چوہدری نے نیب کے ڈی جی سندھ کرنل ریٹائرڈ سراج نعیم کو معاملہ ریفر کیا اور وزارت پٹرولیم کی طرف سے ڈی جی نیب اور ان کی ٹیم کو ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی ،بریفنگ کی روشنی میں نیب کے ڈی جی سندھ نے اپنی ابتدائی رپورٹ تیار کر کے چئیر مین نیب کو ارسال کی ہے ، ذرائع کے مطابق ابتدائی رپورٹ میں قطر سے ایل این جی کی خریداری پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے ، واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف دس فروری کو قطر جائیں گے ، وزیر اعظم کے دورے کے دوران قطر سے ایل این جی کی خریداری کے معاہدے پر دستخط بھی ہونگے

متعلقہ عنوان :