ملک نعمت اللہ خان کا پیپلز پارٹی سے مستعفی ہو کر پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان

اتوار 31 جنوری 2016 21:47

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31جنوری۔2016ء) ملک نعمت اللہ خان نے پاکستان پیپلز پارٹی سے مستعفی ہو کر پاکستان مسلم لیگ میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔پاکستان مسلم لیگ خیبر پختو نخواہ کا ایک شمولیتی جلسہ بمقام اکبر پورہ ضلع نوشہرہ میں منعقد ہوا جس میں ملک نعمت اللہ خان اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی سے مستعفی ہو کر پاکستان مسلم لیگ میں باضابطہ طور پر شمولیت کا اعلان کیا ۔

اور کہا کہ میں نے پچھلے 20سال پاکستان پیپلز پارٹی کیساتھ گزارے ۔لیکن اپنے علاقے کیلئے پارٹی سے کوئی قابل ذکر منصوبہ شروع نہ کرا سکا اور پاکستان مسلم لیگ کے دور میں یہاں سے اُنکا کوئی بھی عوامی نمائندہ نہ ہوتے ہوئے بھی علاقے میں گیس اور بجلی کے کئی منصوبے شروع کیے ۔

(جاری ہے)

جلسے سے پاکستان مسلم لیگ خیبر پختونخواہ کے صدر انتخاب خان چمکنی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کا منشور عوام کی دہلیز پر اُنکی خدمت کرنا ہے اور اُنکو بنیادی ضروریاتِ زندگی مہیا کرنا اولین ترجیہات میں شامل ہے۔

اور اپنے ورکرز کی خدمت کرنا عین عبادت سمجھتے ہیں ۔اُنہوں نے نئے شامل ہونے والوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ اس وقت ہمارے صوبے خیبر پختونخواہ میں مرکزی حکومت کی طرف سے کوئی بھی منصوبہ زیر غور نہیں ۔یہاں تک کہ اس صوبے کے عوام کیساتھ ہر طرح کا سوتیلا پن مرکزی حکومت کا معمول بن گیا ہے اور لگتا ہے کہ جنا ب میاں محمد نواز شریف پاکستان کے نہیں صرف صوبہ پنجاب کے وزیر اعظم ہے اُنکو باقی صوبوں سے کوئی دلچسپی نہیں حالانکہ خیبر پختونخواہ کے عوام نے ہر طرح کی قربانی دی ہے یہاں پر فارن اِنویسٹر آنے سے ڈرتے ہیں ۔

کیونکہ مرکزی حکومت اُنکو کوئی بھی سکیورٹی فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے اور باقی کثر بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ اور ہزاروں پختونوں کے شناختی کارڈبلاک کر کے اُنکو تنگ کیا جارہا ہے کیونکہ ویریفکیشن اور قانونی لاوازِمات کے باوجود اُنکے کارڈز کو اِیشو نہیں کیا جارہا ہے یہی حال پاسپورٹ کا بھی ہے اور عوام نے اب عدالت کا رُخ کیا ہے جہاں سے اُنکو ریلیف ملنے کی اُمید ہے ۔

صوبہ خیبر پختونخواہ کیساتھ مرکزی حکومت یہ سوتیلا پن بند کرے اور اُنکو آئین اور قانون کے مطابق جائز حقوق دیئے جائیں ۔جلسے سے پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات مولانا شعیب ، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اربا ب میر افضل داؤد زئی ، سینئر نائب صدر مجیب الرحمن ، مینارٹی ونگ کے جنید ثاقب ، حیدر خان خلیل اور ولی خان چمکنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی حکومت نے اس صوبے کے عوام کیساتھ اپنائیت اور پیار کا رشتہ اپنایا تھا اور چوہدری شجاعت حسین ، مشاہد حسین سید اور پرویز الٰہی کی قیادت میں اس صوبے میں حکومت نہ ہوتے ہوئے بھی ترقیاتی کاموں کے لاتعد اد منصوبے کیے اور انشاء اللہ ہمیں اگر آئند ہ بھی موقع ملا تو ہم عوام کی خدمت کرتے رہینگے۔