وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس، وفاقی وزیر ریلویز کی شرکت، عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا، شہری اور دیہی علاقوں کی متوازن ترقی ہماری پالیسی ہے، شفافیت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ منصوبوں کو مکمل کیا جا رہا ہے‘محمدشہباز شریف ، ’ ’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ کے دوسرے مرحلے پر کامیابی سے عملدرآمد ہو رہا ہے،، دیہی طرز زندگی بدل جائے گا، فلاح عامہ کے منصوبوں پر تنقید کرنیوالے عوام کے خیر خواہ نہیں، خدمت کا مشن جاری رہے گا‘وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 31 جنوری 2016 18:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت شہری اور دیہی علاقوں کی متوازن ترقی کیلئے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور شفافیت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ منصوبوں کو مکمل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں شفافیت کے ساتھ منصوبوں کی تکمیل کے کلچر کو فروغ دیا ہے۔شہری علاقوں کے ساتھ دیہی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وسائل قوم کی امانت سمجھتے ہوئے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر صرف کیے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ترقی کی متوازن پالیسی کے تحت پسماندہ علاقوں میں بھی میگاپراجیکٹس تیزی سے مکمل کیے جارہے ہیں ۔

تعلیم ،صحت ،انفراسٹرکچر اورسماجی شعبے میں مکمل کیے گئے بڑے منصوبوں سے صوبے کے عوام مستفید ہورہے ہیں ۔مالیاتی ڈسپلن اورترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنا کراربوں روپے کے قومی وسائل بچائے گئے ہیں۔ملک کی تاریخ میں شفافیت کے ساتھ منصوبوں کو شروع کرنے اورانہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فلاح عامہ کے منصوبوں پر تنقید کرنے والے عوام کے خیر خواہ نہیں۔

عوام کی خدمت کا سفر جاری و ساری رہے گا۔ انہو ں نے کہا کہ ’ ’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ کے دوسرے مرحلے پر کامیابی سے عملدرآمد ہو رہا ہے اور دیہی سڑکو ں کی تعمیر و بحالی کا یہ منصوبہ دیہات میں بسنے والوں کا طرز زندگی بدل دے گا۔ ”پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے“ پروگرام دیہی معیشت کی خوشحالی کے لئے ایک سنگ کی حیثیت رکھتا ہے۔

150 ارب روپے کا یہ منصوبہ دیہی آبادی کا طرز زندگی بدل دے گااورپاکستان کی تاریخ میں دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا اتنا بڑا پروگرام کبھی شروع نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت دیہات میں بسنے والے افراد کی ترقی و خوشحالی کو اپنا نصب العین سمجھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا بڑا پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت اعلیٰ معیار کی کارپٹڈ سڑکیں بنائی جا رہی ہیں۔

2017-18ء تک کئی سو کلو میٹر طویل سڑکوں کا جال بچھا دیا جائے گا۔ ”پکیاں سڑکاں۔سوکھے پینڈے“ پروگرام دیہی معیشت کے فروغ کیلئے خوشحالی کا پیغام لائے گا۔ اس پروگرام پر عملدرآمد سے دیہات اور شہروں کا فاصلہ سمٹ جائے گا۔انہو ں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کا آغاز بھی جنوبی پنجاب سے کیا گیا ہے اور اربوں روپے کے اس منصوبے سے دیہات میں بسنے والے کروڑوں افراد مستفید ہوں گے۔

اجلاس میں باب پاکستان کے منصوبے کے مختلف امور کا جائزہ لیا اور اس منصوبے کا نیا ماسٹر پلان بنانے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں اراکین اسمبلی چوہدری محمد منیر اظہر، میاں نصیر احمد، یاسین سوہل، چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل، چیئرمین پی ٹی وی، متعلقہ سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :