ملک کو امن کا گہوارہ بنا کر چین لیں گے، پرویز رشید

پوری دنیا سے دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان اپنا کردار ادا کرے گا ،دہشت گردی اندر سے ہو یا باہر سے ہو ہم کسی کو معاف نہیں کریں گے،میڈیا سے گفتگو

اتوار 31 جنوری 2016 17:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کو پاتال سے بھی ڈھونڈ نکالیں گے ۔ وزیر اعظم نے کراچی سمیت پورے ملک سے دہشت گردی ختم کرنے کا عزم کر رکھا ہے ملک کو امن کا گہوارہ بنا کر چین لیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے اتوار کے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس معلومات کی وجہ سے دہشت گردی کے بہت سے واقعات کو بروقت کارروائی کر کے روکا گیا ۔ پوری دنیا سے دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان اپنا کردار ادا کرے گا انہوں نے کہا کہ کراچی اور ضرب عضب آپریشن کی وجہ سے ملک میں دہشت گردی میں واضح کمی ہوئی ہے جبکہ تمام سیاسی جماعتیں قومی مفاد کے لئے ایک صف پر کھڑی ہیں اور شہریوں کی حفاظت کی ذمہ داری ریاست پر ہے دہشت گردی میں کوئی بیرونی ہاتھ بھی ملوث ہے ؟صحافی کے سوال پر جس پر سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ دہشت گردی اندر سے ہو یا باہر سے ہو ہم کسی کو معاف نہیں کریں گے اور جب تک اندر سے کوئی ہاتھ ملوث نہ ہو تو کوئی بیرونی ہاتھ کچھ نہیں کر سکتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں اور دہشت گرد ہمارے بچوں کو پڑھنے سے روک نہیں سکیں گے انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کے بچوں کو ماریں گے نہیں بلکہ جن سکوکوں میں ہمارے بچے پڑھ رہے ہیں انہی میں دہشت گردوں کے بچوں کو تعلیم دیں گے ۔دہشت گردی کے خطرے کے باعث سکول بند کئے جانے کے سوال پر سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ بچوں کی جان کی ذمہ داری ہمارے اوپر ہے اور حال ہی میں امریکہ میں بھی ایک واقعہ پیش آیا جس کے بعد تعلیمی ادارے بند کرا دیئے گئے تھے انشاء اللہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی عزیر بلوچ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس بارے میں اتنا ہی پتہ ہے جتنا میڈیا پر دکھایا گیا اور کراچی کو پرامن بنانے کے لئے آپریشن جاری رکھیں گے ۔

لاہور میں اورنج لائن ٹرین کے حوالے سے کئے گئے ایک سوال پر سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ اورنج لائن پر تنقید کرنے والے موٹر وے اور میٹرو پر بھی تنقید کرتے تھے پھر بعد میں میٹرو اور موٹر وے دوسرے صوبوں میں بنانے کا مطالبہ کیا جاتا ہے ۔