پٹرول کی قیمتوں میں معمولی کمی قوم سے مذاق ہے‘حکمران قوم کو کسی قسم کا ریلیف ہی نہیں دینا چاہتے‘محمد جمیل ملک

پاکستانی حکومت مہنگا تیل فروخت کرکے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہی ہے بیان

اتوار 31 جنوری 2016 15:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 جنوری۔2016ء پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں معمولی کمی قوم سے بھونڈا مذاق ہے،حکمران قوم کو کسی قسم کا ریلیف ہی نہیں دینا چاہتے،سستا تیل خرید کر عوام کو مہنگا فروخت کرناملکی آئین کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اپنے ایک بیا ن میں انہوں نے کہاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں مگر پاکستانی حکومت مہنگا تیل فروخت کرکے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہی ہے ۔

(جاری ہے)

پٹرول کی قیمتوں میں پانچ روپے فی لٹر کمی کے اقدام کو مسترد کرتے ہیں۔ہمارا مطالبہ ہے کہ قوم کو عالمی مارکیٹ کے مطابق ریلیف دیا جائے۔انہوں نے کہاحکمران ٹولہ اپنی عیاشیوں اور شہ خرچیوں پر قابو پانے کی بجائے متوسط طبقات کوقربانی کا بکرابنا رہا ہے اور بے جا ٹیکسوں سے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی گئی ہے۔ملک میں عام آدمی کی معاشی حالت آج جتنی خراب ہے پہلے کبھی نہ تھی،بجلی اور گیس کے بحران نے پوری قوم کو عذاب میں مبتلا کررکھا ہے مگر حکمرانو ں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی،محمد جمیل ملک نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کو مہنگا تیل فروخت کرنے کے معاملے کا ازخود نوٹس لیکرقوم کو ریلیف دلوائے۔