Live Updates

اورنج لائن ٹرین غریبوں کے گلے کاٹنے کا منصوبہ ہے ،پی ٹی آئی احتجاج کرے گی ‘شعیب صدیقی

پٹرول کی قیمتوں میں 5 روپے کی کمی اونٹ کے منہ میں زیرہ ہے ‘ایم پی اے کی میاں میر میں گفتگو

اتوار 31 جنوری 2016 15:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 جنوری۔2016ء ) رکن صوبائی اسمبلی پنجاب محمد شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ اورنج لائن ٹرین کا منصوبہ لاہور کے غریب شہریوں گلے کاٹنے کا منصوبہ ہے ،بھاری کمیشن کیلئے من پسند منصوبوں کی سرپرستی کی جا رہی ہے جس کیلئے پی ٹی آئی بھر پور احتجا ج کرے گی۔میاں میر میں ترقیاتی منصوبوں کے معائنہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب صدیقی نے کہا کہ موجودہ حکومت کو عوامی فلاح و بہبود سے کوئی دلچسپی نہیں اور سارا زور سیاسی پوائنٹ سکورنگ پر لگایا جا رہا ہے ۔

انہوں نے پٹرول کی قیمتوں میں 5 روپے کی کمی کو اونٹ کے منہ میں زیرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بھاری کمی کے با و جود اس کا فائدہ عام آدمی کو نہیں دیہا جا رہا۔

(جاری ہے)

شعیب صدیقی نے کہا کہ لاہور کے عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے نام پر بہت بڑے عذاب کا سامنا ہے بالخصوص این اے122اور پی پی 147کے کچی آبادیوں کے مکینوں کو بے دخل کرنا گڈ گورننس کے دعووٴں پر بڑا سوالیہ نشان ہے ۔شعیب صدیقی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رہے گی اور عمران خان کے نیا سیاسی ویثرن ہی ملک گیر تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا ،انہوں نے پی پی 147کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات