میٹرو ٹرین منصوبے کیلئے ایکوائر کی گئی اراضی کا سرکاری ریٹ سے کم معاوضہ دینے کیخلاف بارا گجراں کے رہائشیوں کا شدید احتجاج

ڈنڈا بردار مشتعل مظاہرین نے ہلہ بول کر منصوبے پر کام کرنے والے مزدور،سرکاری عملے کوگاڑیوں اورکرینوں سمیت بھاگنے پر مجبور کر دیا افسران کیلئے بنائے گئے کیمپ پر پتھراؤ کے بعد اس میں پڑا ہوا فرنیچر باہر پھینک دیا،مزدوروں کا سکیورٹی ملنے تک دوبارہ کام سے انکار

اتوار 31 جنوری 2016 14:23

میٹرو ٹرین منصوبے کیلئے ایکوائر کی گئی اراضی کا سرکاری ریٹ سے کم معاوضہ ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 جنوری۔2016ء) اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کیلئے ایکوائر کی گئی اراضی کا سرکاری ریٹ سے کم معاوضہ دینے کیخلاف بارا گجراں کے سینکڑوں رہائشیوں نے مناواں کے قریب شدید احتجاج کیا ،ڈنڈا بردار مشتعل مظاہرین نے ہلہ بول کر منصوبے پر کام کرنے والے مزدوراور سرکاری عملے کوگاڑیوں اورکرینوں سمیت بھاگنے پر مجبور کر دیا،افسران کیلئے بنائے گئے کیمپ پر پتھراؤ کے بعد اس میں پڑا ہوا فرنیچر باہر پھینک دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق بارا گجراں کے رہائشی مرد ،خواتین اور بچوں نے مناواں کے قریب جی ٹی روڈ پر جمع ہو کر اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھاکہ حکومت منصوبے کیلئے زبردستی زمین ایکوائر کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری ریٹ ڈیڑھ لاکھ روپے فی مرلہ ہے جبکہ اگر کوئی شخص اپنے طو رپر زمین بیچتا ہے تو اس کی قیمت دو گنا ہے لیکن حکومت سرکاری قیمت سے بھی کم صرف پچاس ہزار روپے فی مرلہ دینے پر بضد ہے جسے کسی صورت تسلیم نہیں کرتے ۔

احتجاج میں شریک مظاہرین نے ہاتھوں میں ڈنڈے اٹھا رکھے تھے جنہوں نے منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں اور سرکاری عملے پر ہلہ بول دیا اور انہیں گاڑیوں اورکرینوں سمیت بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ مشتعل مظاہرین نے اس دوران پتھراؤ بھی کیا اور وہاں لگی لائٹیں اور دیگر سامان کی توڑ پھوڑ کی ۔ مظاہرین نے افسران کے لئے بنائے گئے کیمپ پر بھی پتھراؤ کیا اوراس میں پڑا ہوا فرنیچر باہر نکال کر پھینک دیا۔

مشتعل مظاہرین کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث مزدور کافی دور نکل گئے اور انہوں نے سکیورٹی ملنے تک دوبارہ کام کرنے سے انکار کر دیاجسکی وجہ سے کئی گھنٹے تک کام رکا رہا ۔اطلاع کے باوجود مقامی پولیس کافی تاخیر سے پہنچی جنہوں نے مظاہرین سے مذاکرات کئے تاہم مظاہرین کا کہنا تھاکہ مطالبا ت تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے ۔ یاد رہے کہ متحدہ اپوزیشن نے بھی کل ( منگل )کو اورنج لائن ٹرین کے خلاف جی پی اوچوک سے وزیراعلیٰ ہاؤس تک احتجاجی مارچ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے ۔

متعلقہ عنوان :