اپنے سیاسی عزم اورقومی اتفاق رائے سے پولیو کے وائرس کی بیماری پر قابو پالیں گے ، حکومت پاکستان اورگلوبل شراکت داروں کی کوششوں سے حالیہ سالوں میں پولیو کے خاتمہ بارے کارکردگی میں بہتری آئی ہے

وزیر مملکت برائے قومی صحت سائرہ افضل تارڑکاپولیو بارے ماہرین کے ٹیکنیکل مشاورتی گروپ سے خطاب

ہفتہ 30 جنوری 2016 21:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جنوری۔2016ء) وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز،ریگولیشنز اینڈکوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑنے کہا ہے کہ ہم اپنے سیاسی عزم اورقومی اتفاق رائے سے پولیو کے وائرس کی بیماری پر قابو پالیں گے کیونکہ حکومت پاکستان اورگلوبل پولیواریڈیکشن انیشی ایٹوشراکت داروں کی کوششوں سے حالیہ سالوں میں پولیو کے خاتمہ بارے کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔

وہ ہفتہ کو پولیو کے بارے میں ماہرین کے ٹیکنیکل مشاورتی گروپ کے اجلاس کے اختتامی سیشن سے خطاب کر رہی تھیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہ جانے والے بچوں کے حوالہ سے مجموعی صورتحال میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔پولیو کے خاتمہ بارے وزیراعظم کی فوکل پرسن سینیٹرعائشہ رضافاروق نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کی دوڑ میں ہر ایک نے حصہ لیا ہے اوراب اس میراتھن دوڑ میں کامیابی کے لئے لائن تک پہنچنے والے ہیں جو کہ نظربھی آرہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیکنیکل اورآپریشنل اورترقیاتی شراکت داروں کے تعاون سے ملک بھرمیں پولیو وائرس ختم کرنے کے تاریخی موقع سے فائدہ اٹھاسکتاہے اورہم پولیو وائرس کے خاتمہ کے لئے افغانستان کے لئے بھی موثرطورپرکام کرسکتے ہیں۔اجلاس کے اختتام پر ٹیکینکل ایڈوائیزرری گروپ کے چیئرمین جین مارک اولیو نے صوبوں اوراضلاع میں آئی ایس ایز کے معیار میں مجموعی بہتری کو سراہا اورکہا کہ پاکستان میں پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہ جانے والے بچوں کوتلاش کرکے انہیں پولیو کے قطرے پلانے اورحفاظتی ٹیکہ لگانے کے حوالہ سے صورتحال تبدیل ہوئی تمام سطحوں پر مینجمنٹ اورقیادت کی طرف سے بھرپور نگرانی احتساب اورسیکورٹی فورسز کا عزم مہموں کے دوران پولیو کارکنوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوا اورپولیو کے قطرے پلانے کی مہمیں کامیاب رہیں۔

انہوں نے پروگرام کے ابلاغی حصے کی کامیابی پر بھی مبارکباد دی اورکہا کہ بہتر کمیونیکیشن کے باعث پولیو کے قطروں سے محروم رو جانے والے بچوں کی تلاش میں بڑی مدد ملی اورقطرے پینے سے محروم بچوں کی تعداد میں خاطرخواہ کمی آئی ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ(ٹیگ) نے نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان کی آئندہ مہینوں میں تیاری کی ہدایت بھی کی اورکہا کہ2016ء کے وسط میں اجلاس بلاکر پولیو خاتمہ کی پیش رفت کاجائزہ بھی لیا جائے۔حکومت پاکستان نے پروگرام میں بھرپورمعاونت دینے والے ڈونرز اداروں،جائیکاعالمی بینک،یوایس ایڈ،حکومت کینیڈا،جرمن حکومت،اسلامی ترقیاتی بینک اورمتحدہ عرب امارات کی حکومت سمیت ملینڈاگیٹس فاؤنڈیشن اورروٹری انٹرنیشنل کا شکریہ اداکیا۔

متعلقہ عنوان :