عزیز بلوچ سے تحقیقات کیلئے چار جے آئی ٹیز بنائی جائیں گی، تشکیل کااعلان سندھ حکومت کرے گی

ڈی آئی آئی جی سطح کے افسرکی سربراہی میں قائم ہونے والی تحقیقاتی کمیٹیوں میں آئی ایس آئی، آئی بی، رینجرز اور پولیس کے افسران شامل ہوں گے

ہفتہ 30 جنوری 2016 21:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جنوری۔2016ء) سندھ رینجرز کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے لیاری گینگ کے سرغنہ عزیز بلوچ سے تحقیقات کیلئے چار جے آئی ٹیز بنائی جائیں گی، مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں کی تشکیل کااعلان سندھ حکومت کرے گی۔ ذرائع کے مطابق لیاری گینگ کے گرفتار سرغنہ عزیز بلوچ سے تحقیقات کیلئے چار مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں (جے آئی ٹیز) تشکیل دی جائیں گی جن کی سربراہی ڈی آئی جی سطح کا افسر کرے گا جبکہ ان میں آئی ایس آئی، آئی بی، رینجرز اور پولیس افسران شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹیز کی تشکیل کا اعلان سندھ حکومت کرے گی اور توقع ہے کہ یہ ٹیمیں آئندہ ہفتے تک تشکیل دی جائیں گی اور اس حوالے سے کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جے آئی ٹیز تشکیل دے کر 15روز میں رپورٹ مرتب کرنے کی بھی ہدایت کر رکھی ہے۔ واضح رہے کہ لیاری گینگ کے سرغنہ عزیز جان بلوچ کو کراچی میں رینجرز نے گرفتار کیاتھا اور اسے انسداد دہشت گردی کی عدالت کراچی میں پیش کیا گیا، جس پر عدالت نے ملزم کو 90روزہ جسمانی ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کر دیا، عزیز بلوچ پر مختلف تھانوں میں 50سے زائد مقدمات درج ہیں اور اس کے سرکی قیمت مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے مقرر ہے۔