سٹیٹ بینک کانئی مانیٹری پالیسی کا اعلان ، شرح سود 6 فیصد بر قرار

ہفتہ 30 جنوری 2016 21:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جنوری۔2016ء) سٹیٹ بینک نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود کو 6 فیصد پر بر قرار رکھاہے۔ ہفتہ کوگورنر سٹیٹ بنک اشرف وتھرا نے آئندہ 2 ماہ کی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرح سود کو موجودہ شرح پر مستحکم رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور بنیادی شرح سود 6 فیصد پر برقرار رہے گی۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ اہم معاشی اظہاریوں میں بہتری،مہنگائی کے کم دباؤ اور بڑے پیمانے کی اشیاء سازی میں نمو اور مالی استحکا م کا عمل صحیح راستے پر گامزن ہونے کی وجہ سے زری پالیسی کمیٹی نے فیصلہ کیا بنیادی شرح سود 6 فیصد پر برقرار رکھی جا ئے گی۔ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے اور رواں سال مہنگائی کی شرح 4 فیصد پر برقرار رہنے کا امکان ہے۔عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے قرضوں کی ادائیگیوں میں توازن پیدا ہوا اور مانیٹری پالیسی میں نرمی کی وجہ سے قرضوں کی لاگت میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 20 ارب ڈالر سے بڑھ گئے ہیں۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہواہے۔