(ن)لیگ اور پیپلز پارٹی کا میثاق کرپشن بے نقاب ہو گیا ‘ صاحبزادہ حامد رضا

کرپٹ سیاستدانوں کیلئے سورج سو ا نیزہ پر آنیوالا ہے،تعلیمی اداروں میں تبلیغی جماعتوں کا داخلہ بند کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے

ہفتہ 30 جنوری 2016 21:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جنوری۔2016ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ (ن)لیگ اور پیپلز پارٹی کا میثاق کرپشن بے نقاب ہو گیا ہے،کرپٹ سیاستدانوں کیلئے سورج سو ا نیزہ پر آنیوالا ہے،تعلیمی اداروں میں تبلیغی جماعتوں کا داخلہ بند کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی شادباغ لاہور میں سالانہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ چوہدری نثار نے فرینڈلی اپوزیشن کی حقیقت کھول دی ہے۔دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنرل راحیل شریف کا آرمی چیف رہنا ملک و قوم کی ضرورت ہے۔مک مکا کی سیاست نے ملک کو تباہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزیر بلوچ کی گرفتاری اچھی خبر ہے۔

(جاری ہے)

محمد خان شیرانی اسلام دشمنوں کو خوش کرنے کیلئے قانون ناموس رسالت پر نظر ثانی کی بات کررہا ہے۔

تعلیمی ادارے بند کرکے دہشتگردوں کے مقاصد پورے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد معاشرے میں ڈر اور شر پھیلا رہے ہیں۔ قوم کو شریفوں اور زرداریوں کا نہیں قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان چاہیئے۔پوری قوم کراچی آپریشن کی حامی ہے۔قومی خزانہ لوٹنے والوں کا یوم حساب قریب ہے۔معاشی دہشتگردوں کو پکڑنے کا وقت آگیا ہے۔حکومت کا آدھا وقت گزر گیا لیکن عوامی مسائل حل نہیں ہوئے اور نہ ہی سسٹم میں تبدیلی آئی ہے۔قانون ناموس رسالت میں تبدیلی ناقابل برداشت ہے۔سیاست دان بچوں کی طرح آپس میں لڑ رہے ہیں۔ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ ملکی رہنما آپس میں لڑنے کے بجائے ملکی سلامتی کی فکر کریں۔

متعلقہ عنوان :