وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے خیبر پختونخواہ کے گورنر سردارمہتاب عباسی کی ملاقات

بین الصوبائی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے شہبازشریف نے عملی اقدامات کئے ہیں‘ گورنر کے پی کے

ہفتہ 30 جنوری 2016 21:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں خیبر پختونخواہ کے گورنر سردارمہتاب عباسی نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نازک دور سے گزررہا ہے ۔

موجودہ حالات میں اتفاق اوراتحاد کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے ۔پاکستان ہم سب کا ہے اورہم سب نے ملکر اسے مسائل سے نکال کر آگے لے کر جانا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے پوری قوم کو مثالی اتحاد کا مظاہر ہ کرنا ہوگا۔ملک کی خاطر’’میں‘‘کی روش چھوڑ کر’’ہم ‘‘کے راستے پر چلنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تعلیمی پروگراموں میں سندھ، خیبرپختونخواہ، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے طلبا و طالبات کو بھی شامل کیا گیا ہے جس سے قومی یکجہتی اور بھائی چارے کو فروغ مل رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو دہشت گردی کے ناسور اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے شبانہ روز محنت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک اور قوم کو آگے لے جانے کیلئے گزشتہ اڑھائی سال کے دوران عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔توانائی منصوبوں پر جتنا کام موجودہ دور میں ہوا ہے اس کی مثال ملک کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ انشاء اﷲ پاکستان کو دہشت گردی اور توانائی بحران سے نجات دلا کر سرخرو ہوں گے۔ گورنر خیبرپختونخواہ سردارمہتاب عباسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی کارکردگی سب کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔وزیرعلیٰ شہباز شریف جس طرح پنجاب کے عوام کی دن رات خدمت کر رہے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے عملی اقدامات کئے ہیں۔