ٹھل کے رہائشیوں کا بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 30 جنوری 2016 20:18

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جنوری۔2016ء) تحصیل ٹھل کے دیہاتیوں نے بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقعے پر رمضان جعفری، آزاد جعفری اور دیگر نے بتایا کہ ہمارے گاؤں عبدالمجید خان جعفری اور گاؤں بابو خان جعفری میں ہیپاٹائٹس کا مرض عام ہوچکا ہے جس کے لیے ضلعی انتظامیہ سمیت منتخب نمائندوں کو شکایات کی ہیں لیکن اس کے باوجود علاج کے بہتر سہولیات موجود نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت تک 350 سے زائد افراد اس مرض میں مبتلا ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہی خاندان کے 10 افراد بھی ان میں شامل ہیں۔ مظاہرین نے پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزیر صحت، سیکریٹری صحت سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ فوری طور پر ہمارے علاقوں میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم بھجواکر ہماری زندگی بچالی جائے۔