Live Updates

عمران خان کو تنقید کرنے کی بیماری ہے ٗ فیصل آباد آئیں تو مفت علاج کریں گے ٗعابد شیر علی

قومی ائیر لائن مسلسل خسارے میں جارہی ہے ٗ فائدے کے بجائے نقصان ہو رہا ہے ٗ تاجروں سے خطا ب

ہفتہ 30 جنوری 2016 20:13

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جنوری۔2016ء) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان کو تنقید کرنے کی بیماری ہے وہ فیصل آباد آئیں تو ان کا مفت علاج کریں گے۔فیصل آباد میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ اپوزیشن ہمیشہ حکوت پر تنقید کرتی ہے تاہم عمران خان تو بہت آگے نکل گئے ہیں۔ وہ اپنے زیادہ تر بیانات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا نام لیتے ہیں جس سے واضح ہوتا ہے کہ انہیں اسپیکر سے کتنا پیار ہے۔

وزیر اعظم پر مک مکا کا الزام لگانا غلط ہے اگر ملکی مفاد اور جرائم و دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سب کو ساتھ لے کر چلنے کو مک مکا کہتے ہیں تو پھر عمران خان کو تنقید کی بیماری ہوگئی ہے، وہ فیصل آباد سے آئیں ہم ان کاعلاج بالکل مفت کرائیں گے ۔

(جاری ہے)

وزیر مملک نے کہاکہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور اداروں کی بہتری کے لئے وزیر اعظم نے بہت سے اہم اور مشکل فیصلے کئے جس میں پی آئی اے کی نجکاری بھی ہے ۔

قومی ائیر لائن مسلسل خسارے میں جارہی ہے اور فائدے کے بجائے نقصان ہو رہا ہے جبکہ اس کی نجکاری ملکی مفاد میں بہتر ہے ۔دہشت گردی کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان شروع کیا گیا اور دہشت گرد ملک کے جس حصے میں بھی ہوں گے کچل دیئے جائیں گے۔ عزیر بلوچ سمیت کوئی بھی جرائم میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی لیکن اس اقدام سے یہ تاثر قائم نا کیا جائیکہ سندھ میں گورنر راج لگ جائے گا، سندھ میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات