ڈی ایچ کیو ہسپتال ’’مرگ سنٹر ‘‘بن گیا ،یار محمد مینگل

Zeeshan Haider ذیشان حیدر ہفتہ 30 جنوری 2016 20:06

چاغی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 30 جنوری۔2015ء)بلوچستان نیشنل پارٹی دالبندین کے صد میر یار محمد مینگل نے پرنس فہدبن سلطان ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال دالبندین میں طبی سہولیات اور ڈاکٹروں کی شدید کمی کا متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ضلع چاغی کے واحد عالیشان ہسپتال ایم ایس کی عدم دلچسپی کے باعث زندگی بچانے کی بجائے مرگ سینٹر بن چکا ہے جہاں لوگ گھنٹوں ذلیل ہوتے ہیں لیکن ڈاکٹرحضرات ان کی داد رسی نہیں کرتے جبکہ ہسپتال میں پونسٹان کی گولی اور پانی تک دستیاب نہیں ہوتی۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پرنس فہد ہسپتال کے واحد لیڈی ڈاکٹر ہسپتال کی بجائے اپنے نجی کلینک کو ترجیح دیتی ہیں جو ڈیوٹی کے دوران جان بوجھ کر تاخیری حربوں کے ذریعے مریضوں کو اپنی نجی کلینک میں جانے پر مجبور کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقامی عوامی نمائندے بھی لوگوں کے صحت اور زندگیوں کو درپیش حساس نوعیت کے مسائل سے لاتعلق ہوکر رہ گئے ہیں جن کی ترجیح محض کمانے اور کھانے کی حدتک ہے جبکہ غریب عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی سے اذیت ناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

انہوں نے صوبائی وزیر صحت، سیکرٹری صحت اور ڈی جی صحت بلوچستان سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ پرنس فہد ہسپتال دالبندین کی ابتر صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کریں۔